وزیراعظم شہباز شریف 2 ہفتے کے غیرملکی دورے کے بعد آج وطن واپس پہنچیں گے

منگل 29 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف برطانیہ اور امریکا کا 2 ہفتے کا دورہ مکمل کرکے آج وطن واپس پہنچیں گے۔ دورے کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب اور عالمی و علاقائی امور پر اہم ملاقاتیں ان کی مصروفیات کا مرکز رہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 16 ستمبر کو اسلام آباد سے روانہ ہوکر پہلے لندن میں 3 روز قیام کیا، جس کے بعد وہ امریکا روانہ ہوئے۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کے بعد واپسی پر انہوں نے دوبارہ لندن میں 2 روز قیام کیا۔

یہ بھی پڑھیے حرمین شریفین پر حملہ ریڈ لائن، مکہ معاہدہ امن کے لیے ہے، کسی ملک کے خلاف نہیں، وزیراعظم شہباز شریف کا اقوام متحدہ میں تاریخی خطاب

وزیراعظم آفس کے ذرائع کے مطابق شہباز شریف منگل کی صبح لندن سے وطن روانہ ہوں گے اور آج رات پاکستان پہنچنے کی توقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سے امریکا اور پھر واپس آنے کا طویل سفری دورانیہ مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعظم نے راستے میں لندن میں قیام کیا۔ دورۂ نیویارک کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم نے علاقائی سلامتی، پانی کے حقوق اور عالمی تنازعات سمیت اہم معاملات پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا اور سفارت کاری کے ذریعے امن کے لیے کوششوں پر زور دیا۔ ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ، بالخصوص آبنائے ہرمز کی سلامتی، بھی عالمی رہنماؤں کے درمیان بات چیت کا اہم موضوع رہی۔

یہ بھی پڑھیے ترقی پذیر ممالک کے لیے ٹھوس نتائج، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کی مکمل حمایت کرتے ہیں، شہباز شریف

وزیراعظم نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں علاقائی امن، دوطرفہ تعاون اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی، اسلاموفوبیا اور علاقائی سلامتی پر بات ہوئی، جبکہ کویت کے ولی عہد، بوسنیا کی صدارت کے چیئرمین اور کینیا و آسٹریا کے رہنماؤں سے ملاقاتوں میں اقتصادی روابط اور کثیرالجہتی تعاون پر گفتگو کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp