خیبرپختونخوا: باڑہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگرد ہلاک

منگل 29 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے علاقے باڑہ میں سکیورٹی فورسز نے عزمِ استحکام ویژن کے تحت انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جبکہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

مزید پڑھیں:ہنگو: سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ 8 دہشتگرد ہلاک کردیے، 2 افسران سمیت 6 جوان شہید

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے نتیجے میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پُرعزم ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:باجوڑ: سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ 5 دہشتگرد ہلاک کردیے، فائرنگ کے تبادلے میں میجر شہید

وزیراعظم نے کامیاب آپریشنز میں حصہ لینے والے سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp