وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کی مشکلات کم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، صوبے کو ترقی یافتہ بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔
کوئٹہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ دشمن کی ہر سازش ناکام ہوگی اور اسے منہ کی کھانی پڑے گی، دشمن کی سازشیں ماضی میں بھی ناکام ہوئیں اور آئندہ بھی ناکام ہوں گی۔ دعا ہے اللہ تعالیٰ بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنائے، بلوچستان ہمیشہ سے پاکستان کے دل کی حیثیت رکھتا ہے۔
مزید پڑھیں:بلوچستان میں حکومت کی باری مقرر تھی، تاہم سرفراز بگٹی کو برقرار رہنا چاہیے، زرک مندوخیل
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی نئی ٹرین سروس کا آغاز بلوچستان سے ہونا باعثِ فخر ہے۔ منصوبے کی تکمیل کے لیے دن رات محنت کرنے والی ٹیم کے شکر گزار ہیں، چیف سیکریٹری بلوچستان اور ان کی پوری ٹیم نے منصوبے کے لیے بھرپور محنت کی، جبکہ سیکریٹری اور دیگر افسران نے بھی منصوبے کی تکمیل میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کا خیال آنے کے پہلے دن ہی بلوچستان میں 2 اہم آپشنز پر غور کیا گیا۔ منصوبے کی تکمیل کے لیے تمام متعلقہ اداروں نے مل کر کام کیا۔ منصوبے پر 50 سے 60 ارب روپے تک لاگت اور 3 سے 4 سال کا وقت درکار تھا، تاہم فیصلہ کیا گیا کہ کام اپنے ملک میں ہی کیا جائے اور زرمبادلہ بیرون ملک خرچ کرنے کے بجائے پاکستان میں استعمال کیا جائے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے بلوچستان کے لیے نئی بوگیاں اور انجن تیار کیے ہیں۔ نئی ٹرین سروس سے بلوچستان کے مزدور، طلبا اور عام شہری مستفید ہورہے ہیں اور ٹرین سروس کا سلسلہ یہیں نہیں رکے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹرین سروس کو دو طرفہ کرنے کے لیے مزید 2 ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اگلے سال تک ٹرین سروس دونوں سمتوں میں چلنے لگے گی۔ بوستان انڈسٹریل اسٹیٹ تک ریلوے ٹریک پہنچانے کی خواہش ہے، جبکہ پشین اور بوستان سے آگے بھی ٹرین سروس چلانے کی کوشش کریں گے۔
مزید پڑھیں:دہشتگردی کے خلاف ہر محاذ پر ایک قدم آگے رہیں گے، محسن نقوی اور سرفراز بگٹی کا اعلان
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی پلان اور متعلقہ اداروں کی مدد سے ریلوے ٹریک مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ چیئرمین بلاول بھٹو نے ٹرین منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی، جبکہ حنیف عباسی کو ٹرین منصوبہ 14 اگست تک مکمل کرنے کی ٹائم لائن دی گئی تھی۔ منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل کیا گیا، معمولی تاخیر مصروفیات کے باعث ہوئی۔
سرفراز بگٹی نے ٹرین منصوبے میں تعاون پر وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت اور چیئرمین بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کیا۔














