اینتھروپک کا 518 ارب ڈالر کی اے آئی تنصیب کا منصوبہ، اہم تفصیلات سامنے آگئیں

منگل 29 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اے آئی کمپنی اینتھروپک نے آئندہ 10 برس کے دوران اے آئی کے بنیادی ڈھانچے کی تیاری پر کم از کم 518 ارب ڈالر خرچ کرنے کا منصوبہ ظاہر کردیا، جبکہ کمپنی نے ممکنہ سرمایہ کاروں کو خبردار کیا ہے کہ جدید اے آئی انسانیت کے وجود کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری دستاویز کے مطابق 518 ارب ڈالر میں سے تقریباً 80 فیصد رقم ایسے پختہ معاہدوں کے لیے مختص ہے جن کے تحت استعمال کی مقدار سے قطع نظر ادائیگی کرنا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومتی ڈیٹا ہیکنگ کا بڑا تنازع، آسٹریلیا نے اوپن اے آئی اور اینتھروپک کے سربراہان کو ’طلبی نوٹس‘ جاری کر دیے

اینتھروپک کے مطابق یہ معاہدے اے آئی کی ترقی کے لیے سرمایہ حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے، کیونکہ مستقبل میں جدید اے آئی نظام کی طلب کمپیوٹرز کی دستیابی اور کمپیوٹنگ صلاحیت کی محدود فراہمی کے باعث دستیاب وسائل سے بڑھ سکتی ہے۔

اینتھروپک نے بتایا کہ وہ الفابیٹ کی گوگل کے ساتھ کم از کم 111.1 ارب ڈالر، ایمازون کے ساتھ 110 ارب ڈالر اور مائیکروسافٹ کے ساتھ 31.4 ارب ڈالر کے اخراجات کی منصوبہ بندی کررہی ہے، جبکہ مائیکروسافٹ کے ساتھ بنیادی ڈھانچے کی خدمات کا معاہدہ 7 سال پر محیط ہوگا۔

کمپنی کے مطابق وہ اپنے اے آئی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کی جانب بڑھ رہی ہے اور موجودہ مشترکہ بنیادی ڈھانچے کے نظام سے بتدریج مخصوص ڈیٹا مراکز اور کمپیوٹنگ سہولیات کی جانب منتقل ہورہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اے آئی کی دوڑ انسانیت کو تباہی کے قریب لے جا رہی ہے، اینتھروپک کے محقق مستعفی

اینتھروپک نے اپنی دستاویز میں ایمازون، گوگل اور مائیکروسافٹ پر انحصار کو ایک اہم خطرہ بھی قرار دیا۔ کمپنی کے مطابق یہ تینوں ٹیکنالوجی کمپنیاں بنیادی ڈھانچے اور صارفین کو فراہم کیے جانے والے اے آئی ماڈلز، دونوں پر کنٹرول رکھتی ہیں۔

کمپنی نے مزید کہا کہ یہ تینوں ٹیکنالوجی کمپنیاں ایک ہی وقت میں سرمایہ کار، کلاؤڈ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیاں اور حریف بھی ہیں، جس کے باعث ان کے مفادات بعض معاملات میں اینتھروپک کے مفادات سے متصادم ہوسکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp