لاہور میں 10 روزہ بسنت کی منظوری، جشن 29 جنوری سے 7 فروری 2027 تک ہوگا

بدھ 30 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے زندہ دلان لاہور کے لیے بڑی خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے نئے سال 2027 میں لاہور میں 10 روزہ بسنت منانے کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق لاہور میں بسنت کا جشن 29 جنوری سے 7 فروری 2027 تک جاری رہے گا، تاہم 5 فروری کو یومِ کشمیر کے موقع پر بسنت کی تقریبات میں ایک روز کا وقفہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: اگلے سال لاہور میں بسنت کیسے منائی جائے گی؟

یاد رہے کہ لاہور میں تقریباً 25 سال کے تعطل کے بعد رواں سال فروری میں 6 سے 8 فروری تک بسنت منائی گئی تھی۔

اب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نئے سال کی آمد پر لاہوریوں کو 10 روزہ بسنت کا تحفہ دینے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ 10 روزہ بسنت پوری دنیا میں پنجاب کے تہذیبی رنگ اور لاہور کی قدیم تاریخی روایت کے فروغ کا باعث بنے گی۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ گزشتہ بسنت کے مقابلے میں شہریوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے مزید بہتر انتظامات کیے جائیں اور انسانی جان کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

مزید پڑھیں: لاہور میں بسنت 2027 کی تیاریاں شروع، پتنگ سازوں کی رجسٹریشن کب شروع ہوگی؟

مریم نواز شریف نے کہا کہ گزشتہ بسنت کی طرح اس بار بھی تمام متعلقہ ادارے فرض شناسی، ذمہ داری اور احساس کے ساتھ کام کرتے ہوئے شہریوں کے تحفظ کے لیے نئی مثال قائم کریں۔

وزیراعلیٰ نے عوام سے بھی اپیل کی کہ بسنت کے دوران ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور انسانی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp