این سی سی آئی اے کا محمد رضوان کو دوسرا نوٹس، 2 اکتوبر کو طلب

بدھ 30 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آن لائن شرطیں لگانے اور جوئے کے الزامات کی تحقیقات کے سلسلے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن اتھارٹی (این سی سی آئی اے) نے قومی کرکٹر محمد رضوان کو دوسرا نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 اکتوبر کو طلب کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق موصول ہونے والے دوسرے نوٹس کی کاپی میں واضح کیا گیا ہے کہ 34 سالہ وکٹ کیپر بلے باز جمعہ کو دوپہر 3 بجے ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔

تحقیقاتی ایجنسی نے رضوان سے ان کے قبضے میں لیے گئے موبائل فون کے فرانزک اور ڈیٹا کے تفصیلی تجزیے کے لیے مکمل تعاون کی درخواست کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عدم تعاون کے دعوے پر محمد رضوان کا این سی سی آئی اے سے وضاحت لینے کا فیصلہ

تحقیقاتی ایجنسی نے اپنے نوٹس میں دو ٹوک الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ اگر قومی کرکٹر مقررہ وقت پر پیش نہ ہوئے تو قانون کے مطابق یہ تصور کیا جائے گا کہ ان کے پاس اپنے دفاع میں پیش کرنے یا حقائق بیان کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔

رضوان کا قانونی راستہ اپنانے کا فیصلہ

میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق وائٹ بال کپتان کے قریبی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ محمد رضوان مقررہ وقت پر اپنے وکیل کے ہمراہ تحقیقاتی ایجنسی کے سامنے پیش ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پیشی کے موقع پر رضوان اتھارٹی سے اپنے خلاف لگائے گئے مبینہ ’عدم تعاون‘ کے الزامات کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق کرکٹر کے قریبی ذرائع نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ نئے نوٹس میں رضوان کی اس گزشتہ درخواست کو مکمل نظر انداز کیا گیا ہے جس میں انہوں نے تحقیقات کی تحریری تفصیلات مانگی تھیں اور اپنا موبائل فون فوری واپس کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

تفتیش کاروں کے عدم تعاون کے دعوے

واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں این سی سی آئی اے کے تفتیش کاروں نے دعویٰ کیا تھا کہ محمد رضوان سے تحقیقات میں شامل ہونے کے لیے متعدد بار رابطہ کیا گیا، لیکن ان کی جانب سے کوئی خاطر خواہ جواب نہیں ملا۔

مزید پڑھیں:محمد رضوان کی این سی سی آئی اے انکوائری کے خلاف درخواست مسترد، میڈیا سے گفتگو کی اجازت بھی نہ مل سکی

حکام کے مطابق کبھی کرکٹر سے رابطہ ممکن نہیں ہو پاتا اور جب بات ہوتی ہے تو وہ جواب دینے کے بجائے اپنے وکیل سے مشورہ کرنے کا کہہ کر وقت مانگ لیتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے آن لائن بیٹنگ (شرط) اور جوئے کی ایپس سے وابستہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

کرکٹ کے ضابطہ اخلاق کے تحت کھلاڑیوں کے لیے ایسی کسی بھی سرگرمی کا حصہ بننا سختی سے منع ہے۔ محمد رضوان کا شمار پاکستان کے سینیئر اور صفِ اول کے کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، لہٰذا موبائل فون ضبط ہونے اور اس سائبر کرائم انکوائری نے پاکستانی کرکٹ کے حلقوں میں زبردست ہلچل مچا دی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp