ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ نے پاکستان میں ہونڈا بی آر وی کی پیداوار بند کر دی ہے جس کے بعد کمپنی کی مقامی لائن اپ میں اب ایچ آر وی، سٹی اور سوک باقی رہ گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہونڈا اٹلس کا پاکستان کی الیکٹرک گاڑیوں کی مارکیٹ میں فوری اینٹری سے انکار، وجہ کیا ہے؟
بزنس ریکارڈر کے مطابق بدھ کے روز کمپنی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی نے 3 سے 4 ماہ قبل بی آر وی کی پیداوار کو بتدریج ختم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی ماحول میں نیا ماڈل لانچ کرنا واقعی ایک مشکل کام ہے کیونکہ بی آر وی تقریباً 10 سال پہلے لانچ کی گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہونڈا سوک، سٹی اورایچ آر وی مقامی مارکیٹ میں دستیاب رہیں گی۔
عہدیدار نے کہا کہ ملک کے ایسے مشکل کاروباری ماحول میں جدید فیچرز کے ساتھ نیا ماڈل لانچ کرنا مشکل ہے۔ دوسرا یہ کہ بی آر وی نے اپنی پروڈکٹ لائف سائیکل مکمل کر لی ہے اور اب اس کی پیداوار بند کر دی گئی ہے۔
مزید پڑھیے: فنانس بل کے تحت لیوی کا نفاذ، ہونڈا اٹلس نے گاڑیوں کی قیمت میں اضافہ کردیا
آٹو ماہر عثمان انصاری نے کہا کہ بی آر وی جو سنہ 2016 کے آس پاس لانچ کی گئی تھی پرانے فیچرز اور نان ٹربو انجن کے باوجود اپنی اصل قیمت سے تقریباً 3 گنا زیادہ قیمت پر فروخت ہو رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ گاڑی کی ظاہری شکل ایس یو وی جیسی تھی لیکن یہ صرف 7 سیٹر وین تھی۔
مزید پڑھیں: اٹلس ہونڈا کی بڑی سرمایہ کاری، پیداواری صلاحیت 20 لاکھ موٹر سائیکل سالانہ کرنے کا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ یہی گاڑی چند سال قبل بھارت میں بند کر دی گئی تھی تاہم ملائیشیا اور انڈونیشیا میں اس گاڑی کی شکل کو تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں اب اسے فروخت کیا جا رہا ہے۔














