وفاقی حکومت نے بدھ کے روز پیٹرول کی قیمت میں 14 پیسے فی لیٹر کمی کر کے 387 روپے 40 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 89 پیسے کمی کر کے 400 روپے 35 پیسے کر دی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اکتوبر کے لیے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: ’پیٹرول بائی بائی‘، مکینک نے سولر رکشہ بنا لیا
اس سے قبل پیٹرول 387 روپے 54 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 402 روپے 24 پیسے میں فروخت ہو رہا تھا۔
نظرثانی شدہ قیمتیں یکم اکتوبر 2026 سے نافذ العمل ہوں گی اور پورے مہینے لاگو رہیں گی۔
پیٹرولیم ڈویژن نے کہا کہ نظرثانی شدہ ایکس ڈپو قیمتیں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے منظور شدہ پیٹرولیم پرائسنگ میکانزم کے تحت مقرر کی ہیں۔
ڈویژن نے قیمتوں میں تبدیلی کو عالمی مارکیٹ میں ہونے والی پیشرفت سے منسوب کیا جس میں پلیٹس ریٹس، پریمیمز اور دیگر اخراجات میں تبدیلیاں شامل ہیں۔
مزید پڑھیے: ضرورت ہوئی تو پیٹرول سبسڈی اسکیم 10 ماہ تک جاری رکھی جائے گی، وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک
واضح رہے کہ منگل کے روز بھی حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 73 پیسے کمی کر کے 402 روپے 24 پیسے فی لیٹر اور پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 49 پیسے کمی کر کے 387 روپے 54 پیسے فی لیٹر کر دی تھی۔














