ایڈ شیرن سے تنازع کے بعد میکلمور کے ’فری فلسطین ٹور‘ کی دھوم، یورپی کنسرٹس کے تمام ٹکٹ فروخت

جمعرات 1 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی ریپر میکلمور کا فلسطین کی حمایت میں اعلان کیا گیا ’فری فلسطین ٹور‘ یورپ میں زبردست پذیرائی حاصل کرتے ہوئے ڈبلن، پیرس اور لندن کے تینوں شوز کے ٹکٹ فروخت ہونے کے ساتھ ہی ہاؤس فل ہوگیا۔

میکلمور نے 30 ستمبر کو انسٹاگرام پر ٹور کے تمام شوز کے ٹکٹ فروخت ہونے کا اعلان کرتے ہوئے مداحوں کے ردعمل پر خوشی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس پذیرائی سے ’’حقیقتاً بہت متاثر‘‘ ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی ریپر میکلمور کا فلسطین سے اظہارِ یکجہتی، 10 لاکھ ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان

ریپر نے کہا کہ ان شوز کا مقصد موسیقاروں کو فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا موقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ امدادی سرگرمیوں کے لیے فنڈز جمع کرنا بھی ہے۔ میکلمور نے یہ ٹور ایسے وقت میں شروع کیا جب انہیں فلسطینیوں کی حمایت میں اسٹیج پر ’فری فلسطین‘ کا نعرہ لگانے کے بعد ایڈ شیرن کے ’لوپ ٹور‘ کے باقی امریکی شوز سے ہٹا دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فلسطین پر اظہارِ رائے کا تنازع، برطانوی گلوکار ایڈ شیرن کے ٹور سے تمام سپورٹ فنکار الگ

4 ستمبر کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں پرفارمنس کے دوران میکلمور نے فلسطینیوں کے حق میں گفتگو کی تھی جس کے بعد انہیں ایڈ شیرن کے ٹور سے الگ کردیا گیا۔

بعد ازاں ایڈ شیرن نے وضاحت کی تھی کہ میکلمور کو ٹور سے ہٹانے کا فیصلہ انہوں نے نہیں بلکہ ٹور کے منتظمین نے کیا تھا۔ ان کے مطابق بعض مقامات نے بھی واضح کیا تھا کہ اگر میکلمور ٹور کا حصہ رہے تو وہ شوز کی میزبانی نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی ریپر میکلمور نے تنقید کے باوجود ’فری فلسطین‘ کا نعرہ پھر بلند کردیا

ٹور سے علیحدگی کے بعد میکلمور نے یورپ میں الگ سے امدادی کنسرٹس کا اعلان کیا جن سے حاصل ہونے والی آمدنی فلسطینیوں کی مدد کرنے والی تنظیموں کو دی جائے گی۔ ان میں غزہ سوپ کچن، میڈیکل ایڈ فار فلسطین اور فلسطین چلڈرنز ریلیف فنڈ شامل ہیں۔

’فری فلسطین ٹور‘ کے تحت پہلا شو 26 اکتوبر کو ڈبلن کے تھری ایرینا، دوسرا 29 اکتوبر کو پیرس کے اکور ایرینا جبکہ تیسرا 30 اکتوبر کو لندن کے او وی او ایرینا ویمبلی میں ہوگا۔

ان کنسرٹس کو فی الحال ’میکلمور اینڈ فرینڈز‘ کے نام سے پیش کیا جارہا ہے تاہم میکلمور نے شریک فنکاروں کے نام ابھی ظاہر نہیں کیے۔ ان کا کہنا ہے کہ مہمان فنکاروں کی فہرست جلد سامنے لائی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp