ایشین گیمز 2026 کے شوٹنگ مقابلوں میں پاکستان کے ممتاز شوٹر غلام مصطفیٰ بشیر نے مردوں کی 25 میٹر ’ریپڈ فائر پسٹل‘ کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیت لیا ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی جاری ایشین گیمز میں پاکستان کے مجموعی تمغوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔
آئچی پریفیکچرل جنرل شوٹنگ گیلری میں منعقدہ 8 کھلاڑیوں پر مشتمل فائنل راؤنڈ میں 3 بار کے اولمپیئن جی ایم بشیر نے زبردست اعصاب اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ایشین گیمز: پاکستان نے ہانگ کانگ کو شکست دے کر اسکواش فائنل میں جگہ بنالی
شوٹر جی ایم بشیر کوالیفکیشن مرحلے کے دوسرے دن 8 ویں نمبر پر تھے، تاہم انہوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 6 ویں پوزیشن حاصل کی اور فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
جی ایم بشیر نے 22 ہٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن
فائنل کے سنسنی خیز مقابلے میں جی ایم بشیر نے 22 ہٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کر کے برونز میڈل اپنے نام کیا۔
انہوں نے ویتنام کے فام کوانگ ہوئی کو 2 ہٹس سے پیچھے چھوڑا، جو 20 ہٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہ کر مقابلے سے باہر ہوئے۔
ایونٹ کا گولڈ میڈل جنوبی کوریا کے لی گنہیوک اور سلور میڈل چین کے سو لیان بوفان نے حاصل کیا، دونوں شوٹرز 32، 32 ہٹس کے ساتھ برابر رہے تاہم شوٹ آف میں جنوبی کوریائی شوٹر نے کامیابی حاصل کی۔
عالمی سطح پر کامیابیوں کا تسلسل
غلام مصطفیٰ بشیر کی یہ کامیابی ان کے شاندار عالمی کیریئر میں ایک اور اہم پیش رفت ہے۔ عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کرنے والے جی ایم بشیر اس سے قبل 2022 کی ’آئی ایس ایس ایف ورلڈ چیمپیئن شپ‘ میں بھی ملک کے لیے برونز میڈل جیت چکے ہیں، جبکہ وہ 3 مرتبہ اولمپکس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں۔
ایشین گیمز 2026 میں پاکستان کی پیش قدمی
جی ایم بشیر کے اس میڈل کے بعد ایشین گیمز 2026 میں پاکستان کے کل تمغوں کی تعداد 6 تک پہنچ گئی ہے۔ پاکستان نے رواں گیمز میں شوٹنگ کے علاوہ ای اسپورٹس، ایم ایم اے، اسکواش اور ویمنز کرکٹ میں تمغے حاصل کیے ہیں۔
مزید پڑھیں:عبدالصمد کی دھواں دار اننگز، پاکستان ایشین گیمز کرکٹ کے فائنل میں پہنچ گیا
ماڈرن ایم ایم اے میں عاصم خان نے ملک کے لیے افتخار حاصل کیا، جبکہ اسکواش کے مردانہ سنگلز مقابلوں میں نور زمان اور محمد اشہب عرفان نے ایک ایک کانسی کا تمغہ جیتا۔
اس کے علاوہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے بھی گزشتہ منگل کو نیشین کے کوروگی اسپورٹس پارک میں بنگلہ دیش کو 31 رنز سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا، جبکہ ای اسپورٹس کے مقابلے میں بھی پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔













