پاکستان عالمی امن کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے، لاہور کانفرنس میں متفقہ قرارداد پیش

جمعرات 1 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور میں پاکستان اور عالمی امن کانفرنس کے شرکا نے متفقہ قرارداد میں معرکہ حق میں پاکستان کی فتح، امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں پاکستانی قیادت کے کردار اور عالمی امن کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی پوزیشن سے نکل کر عالمی قوت کے طور پر ابھر رہا ہے، اس لیے اب ملک کا بیانیہ بھی عالمی سطح کا ہونا چاہیے۔

گورنر ہاؤس لاہور میں منعقدہ پاکستان اور عالمی امن کانفرنس میں سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں نے متفقہ قرارداد پیش کی، جس میں کہا گیا کہ معرکہ حق میں فتح کے بعد پاکستان نے جنوبی ایشیا کی دفاعی اور سیاسی پوزیشن تبدیل کردی ہے۔ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات کرانے میں کردار ادا کیا، جو گزشتہ کئی دہائیوں سے ناممکن سمجھے جاتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان لڑکیوں کی تعلیم پر عالمی کانفرنس کی میزبانی کرے گا

قرارداد کے مطابق ایسے وقت میں جب عالمی معیشت کھربوں ڈالر کے نقصان کے خطرے سے دوچار تھی، پاکستان نے عالمی معیشت کو سہارا دینے میں کردار ادا کیا۔ کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کو امن کا پیغام دے کر عالمی سطح پر بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا، اب داخلی اور مقامی بیانیے کو بھی تبدیل کرنے کا وقت ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ میڈیا، سول سوسائٹی، تھنک ٹینکس، مذہبی و سیاسی جماعتوں اور عسکری قیادت کو باہمی اتفاق کے ساتھ عالمی چیلنجز سے نمٹنا ہوگا، جو داخلی یکجہتی کے بغیر ممکن نہیں۔ پاکستان علاقائی حیثیت سے آگے بڑھ کر عالمی قوت کے طور پر ابھر رہا ہے، لہٰذا اس کا بیانیہ بھی عالمی سطح کا ہونا چاہیے۔

کانفرنس کے شرکا نے امریکا اور ایران سے جنگ بندی کی پاکستانی اپیل کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت امن کے لیے آخری کامیاب کوشش ہے۔ قرارداد میں دونوں فریقوں پر زور دیا گیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، جنگ بندی کریں اور مذاکرات کی میز پر واپس آئیں۔

شرکا نے مذاکرات میں تعطل ختم کرنے اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو آگے بڑھانے پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں فتح اور امریکا و ایران کے درمیان امن مذاکرات کے بعد پاکستان کو معاشی مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہارورڈ یونیورسٹی میں منعقدہ پاکستان کانفرنس، عالمی شخصیات کی پاکستان کی سفارتی و معاشی پالیسیوں کی تعریف

قرارداد میں معرکہ حق کے دوران پاکستانی عوام، سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں اور میڈیا کی جانب سے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کردار کو بھی سراہا گیا۔ شرکا نے عالمی امن کے لیے پاکستانی قیادت کے اقدامات، خصوصاً مکہ دفاعی معاہدے کو سراہتے ہوئے اسے عالمی امن کے لیے سنگ میل قرار دیا۔

کانفرنس کے شرکا نے متفقہ قرارداد کے ذریعے صدر مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی مذاکراتی ٹیم کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت، مکہ دفاعی معاہدے اور عالمی امن کے لیے کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔

کانفرنس میں شریک رہنماؤں نے اعلان کیا کہ ملک کے تمام صوبوں میں بھی اسی نوعیت کی کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی تاکہ قومی سطح پر امن، ہم آہنگی اور یکجہتی کے پیغام کو فروغ دیا جاسکے۔

کانفرنس کے مہمان خصوصی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے مقررین اور شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کانفرنس کے منتظمین، پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ (پی پی اے ایف) اور انٹرنیشنل ریسرچ کونسل برائے مذہبی امور (آئی آر سی آر اے) کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اہم وقت میں ملک بھر میں مکالموں اور کانفرنسوں کا آغاز کرکے عالمی امن اور ترقی کے لیے پاکستان کے کردار کو آگے بڑھایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شنگھائی میں عالمی اے آئی کانفرنس، جدید ہیومنائیڈ روبوٹس اور ذہین مشینیں توجہ کا مرکز

ملک احمد خان نے کہا کہ اس نوعیت کی مجالس واشنگٹن، بیجنگ، برسلز، جنیوا، ویانا، ماسکو اور لندن میں بھی منعقد ہونی چاہئیں تاکہ پاکستان کا بیانیہ عالمی فورمز تک پہنچایا جاسکے۔ اس مقصد کے لیے تھنک ٹینکس کے ساتھ اشتراک عمل کے ذریعے یہ سلسلہ آگے بڑھانا چاہیے۔

کانفرنس میں شریک مختلف مذاہب کے قائدین اور سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے قومی بیانیے پیغام پاکستان، اسلام آباد اعلامیہ برائے عالمی امن و ہم آہنگی، قیام امن کے لیے داخلی اور خارجی سطح پر پرامن بیانیوں کی تشکیل، نوجوانوں کی شمولیت اور ملکی استحکام پر اتفاق کیا۔

کانفرنس میں انتہاپسندی اور دہشت گردی کی روک تھام کے لیے قومی بیانیے پیغام پاکستان کے ذریعے امن، برداشت اور ہم آہنگی کے فروغ کی تجاویز اور عملی لائحہ عمل بھی پیش کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp