پاکستان نے 29 ستمبر 2026 کو حوثی ملیشیا کی جانب سے مدینہ منورہ میں بجلی کی تقسیم کار تنصیب پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شہری تنصیب پر حملہ، جو مسجد نبوی ﷺ کو بجلی فراہم کرتی ہے، انتہائی قابل مذمت اقدام اور سنگین اشتعال انگیزی ہے، جس پر دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کو گہری تشویش اور دکھ ہے۔
مزید پڑھیں:سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے ناقابل برداشت، ہم ساتھ کھڑے ہیں، اسلام آباد کے شہریوں کے جذبات
ترجمان نے کہا کہ حرمین شریفین کا تقدس اور زائرین و عبادت گزاروں کی سلامتی ہر حال میں یقینی بنائی جانی چاہیے۔ ایسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کا فوری اور غیر مشروط خاتمہ ہونا چاہیے، جو علاقائی امن و سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔
پاکستان نے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ، اپنے عوام کی حفاظت اور زائرین کی سلامتی یقینی بنانے کی سعودی عرب کی کوششوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔
مزید پڑھیں:ڈی جی آئی ایس پی آر کی تہلکہ خیز گفتگو، حوثیوں کے خلاف کارروائی، پاک فوج میدان میں
پاکستان نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے گا۔













