اسٹاک مارکیٹ مندی سے دوچار، انڈیکس میں 819 پوائنٹس کمی

جمعہ 2 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کو کاروباری ہفتے کے آخری روز محتاط سرمایہ کاری کے باعث مندی کا رجحان دیکھا گیا، جہاں انڈیکس ابتدائی کاروباری سیشن میں 819 پوائنٹس سے زائد گر گیا۔

صبح 11 بج کر 52 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 819.47 پوائنٹس یعنی 0.49 فیصد کمی کے بعد 167,817.38 پوائنٹس کی سطح پر موجود تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ بلند ترین سطح پر پہنچ کر مندی سے دوچار، کیا معیشت خطرے میں ہے؟

مارکیٹ میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور بجلی پیدا کرنے والے شعبوں میں فروخت کا دباؤ دیکھا گیا۔

اٹک ریفائنری لمیٹڈ، حب پاور، پاکستان اسٹیٹ آئل، ایس ایس جی سی، حبیب بینک، نیشنل بینک اور یونائیٹڈ بینک جیسے انڈیکس پر اثرانداز ہونے والے نمایاں شیئرز منفی زون میں کاروبار کرتے رہے۔

مارکیٹ میں مندی کی ایک بڑی وجہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کو قرار دیا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا خطے میں مزید فوجی دستے اور طیارہ بردار بحری جہاز بھیج رہا ہے، جس کے باعث سرمایہ کاروں میں محتاط رویہ دیکھنے میں آیا۔

جمعرات کو بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی رہی تھی، جہاں منافع کے حصول اور بینکنگ، ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن، سیمنٹ اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے حصص میں وسیع پیمانے پر فروخت نے مارکیٹ کو دباؤ میں رکھا۔

مزید پڑھیں: اسٹاک ایکسچینج پھر مندی کا شکار، انڈیکس میں 800 سے زائد پوائنٹس کمی

بلند خام تیل کی قیمتوں اور مسلسل جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کیا اور ابتدائی طور پر 170,000 پوائنٹس سے اوپر جانے والے انڈیکس کی سطح میں اضافہ برقرار نہ رہ سکا۔

گزشتہ روز یعنی جمعرات کو بینچ مارک  100 انڈیکس 1,332.47 پوائنٹس یعنی 0.78 فیصد کمی کے بعد 168,636.85 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

عالمی مارکیٹوں میں بھی جمعہ کو محتاط رجحان برقرار رہا۔ ایشیائی حصص میں کمی دیکھی گئی جبکہ بانڈ اور کرنسی مارکیٹوں میں اتار چڑھاؤ اور خلیج میں بڑھتی ہوئی فوجی سرگرمیوں کے باعث خام تیل کی قیمتیں بلند رہیں۔

جاپان کا نکی انڈیکس 0.7 فیصد نیچے آیا، جبکہ جاپان کے علاوہ ایشیا بحرالکاہل کے حصص کا ایم ایس سی آئی انڈیکس 0.5 فیصد کم ہوا۔ دوسری جانب امریکی اسٹاک مارکیٹ کے لیے ناسڈیک فیوچرز میں 0.3 فیصد جبکہ ایس اینڈ پی 500 فیوچرز میں 0.1 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

سرمایہ کاروں کی توجہ امریکی نان فارم پے رولز کے اعداد و شمار پر بھی مرکوز رہی، جن کے مطابق ستمبر میں 90 ہزار نئی ملازمتوں کا اضافہ متوقع ہے، جبکہ بے روزگاری کی شرح 4.1 فیصد پر مستحکم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ فی گھنٹہ اجرت میں تبدیلی کو بھی امریکی افراط زر اور آئندہ مالیاتی پالیسی کے تناظر میں اہم سمجھا جارہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp