جنوبی چھاؤنی کے علاقے بھٹہ چوک میں نجی بینک ڈکیتی کی واردات کا ڈراپ سین ہو گیا۔ پولیس نے واردات میں ملوث ڈاکو کو نجی سوسائٹی سے گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی لڑکی پب جی کھیلتے کھیلتے پاکستان کیسے پہنچی؟
ملزم کا اس سے قبل کوئی کریمنل ریکارڈ موجود نہیں اور اس نے پب جی گیم میں ملنے والے ٹاسک پر بینک ڈکیتی کی۔
پولیس کے مطابق بھٹہ چوک کے قریب دن دہاڑے کار میں سوار ایک شخص نجی بینک میں داخل ہوا، اسلحہ نکال کر سیکیورٹی گارڈ کو یرغمال بنا لیا اور دوسرے گارڈ سے اسلحہ رکھوا دیا۔ ڈاکو بینک کے کیش کاؤنٹر سے 7 لاکھ 26 ہزار روپے نقدی اور سیکیورٹی گارڈز کے 2 ہتھیار لوٹ کر فرار ہو گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعہ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ٹوٹل 9 منٹ کی واردات تھی جسے سیف سٹی اور آپریشنز ونگ کی ٹیموں نے مشترکہ کام کر کے ٹریس کیا۔
مزید پڑھیے: ایشین گیمز: پاکستان کی ’پب جی‘ ٹیم نے کانسی کا تمغہ حاصل کرلیا، ملک نے اب تک کتنے میڈل جیتے؟
ڈی آئی جی کے مطابق ملزم سبحان غیر ملکی شہری ہے جو 16 ستمبر کو پاکستان آیا تھا۔ ملزم اس سے پہلے بھی یوکے سے پاکستان آ چکا ہے اور اس بار والدین سے جھگڑا کر کے پاکستان آیا۔ ملزم نے ویڈیو گیم سے متاثر ہو کر واردات کی۔
مزید پڑھیں: پنجاب پولیس کے لیے باڈی وورن کیمرا سسٹم متعارف، ملزمان کی ڈیجیٹل شناخت ممکن
فیصل کامران نے بتایا کہ ملزم نے پلان بنا رکھا تھا کہ رینٹ کی گاڑی لے کر اسلام آباد روانہ ہوگا مگر اس سے قبل ہی اسے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم نے واردات کے لیے اسلحہ سیالکوٹ سے خریدا تھا۔











