ہانگ کانگ سکسز 2026 کے مکمل شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے، جس کے مطابق دفاعی چیمپیئن پاکستان 30 اکتوبر کو افتتاحی روز متحدہ عرب امارات اور روایتی حریف بھارت کے خلاف گروپ میچز کھیلے گا۔ 22ویں ایڈیشن کے تمام 25 میچز 30 اکتوبر سے یکم نومبر تک ہانگ کانگ کے ٹن کوانگ روڈ ریکریشن گراؤنڈ میں ہوں گے۔
ایونٹ میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی، جنہیں 3، 3 ٹیموں پر مشتمل 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال فائنل میں کویت کو شکست دے کر چھٹی مرتبہ ٹائٹل جیتنے والی پاکستانی ٹیم گروپ سی میں بھارت اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہانگ کانگ سکسز: کویت کو شکست دیکر پاکستان چھٹی بار چیمپیئن بن گیا
گروپ اے میں آسٹریلیا، میزبان ہانگ کانگ، چین اور انگلینڈ شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، اسکاٹ لینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں موجود ہیں۔ گروپ ڈی میں جنوبی افریقا، عمان اور افغانستان کو رکھا گیا ہے۔
ایونٹ کے پہلے روز 9 میچز کھیلے جائیں گے۔ افتتاحی مقابلہ آسٹریلیا اور ہانگ کانگ، کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 45 منٹ پر ہوگا، جبکہ بنگلہ دیش اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیمیں صبح 6 بج کر 40 منٹ پر مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان اپنا پہلا میچ 30 اکتوبر کو صبح 7 بج کر 35 منٹ پر متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گا، جبکہ اسی روز بھارت کے خلاف میچ صبح 11 بج کر 15 منٹ پر شیڈول ہے۔
گروپ مرحلے کے بقیہ میچز 31 اکتوبر کو ہوں گے، جس کا پہلا مقابلہ عمان اور افغانستان کے درمیان صبح 5 بج کر 45 منٹ پر کھیلا جائے گا۔ اسی روز ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز بھی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ہانگ کانگ سکسز 2025: بھارت نے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کو 2 رنز سے شکست دی
ہر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں کپ سیمی فائنل میں پہنچیں گی، جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں پلیٹ اور تیسرے نمبر کی ٹیمیں باؤل سیمی فائنل کھیلیں گی۔
ایونٹ کے آخری روز یکم نومبر کو فائنلز اور پوزیشن کے تعین کے لیے میچز ہوں گے۔ باؤل فائنل صبح 10 بج کر 20 منٹ، پلیٹ فائنل 11 بج کر 15 منٹ اور کپ فائنل دوپہر 12 بج کر 10 منٹ پر کھیلا جائے گا۔
پاکستانی وقت کے مطابق 30 اکتوبر کو آسٹریلیا اور ہانگ کانگ، چین کا میچ صبح 5 بج کر 45 منٹ، بنگلہ دیش اور اسکاٹ لینڈ کا مقابلہ 6 بج کر 40 منٹ، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا میچ 7 بج کر 35 منٹ، جنوبی افریقا اور عمان کا میچ 8 بج کر 30 منٹ، ہانگ کانگ، چین اور انگلینڈ کا مقابلہ 9 بج کر 25 منٹ، بنگلہ دیش اور سری لنکا کا میچ 10 بج کر 20 منٹ، بھارت اور پاکستان کا مقابلہ 11 بج کر 15 منٹ، جنوبی افریقا اور افغانستان کا میچ 12 بج کر 10 منٹ جبکہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کا مقابلہ دوپہر 1 بج کر 5 منٹ پر ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ہانگ کانگ سکسز: عباس آفریدی کی طوفانی نصف سینچری سے پاکستان کی فاتحانہ شروعات
31 اکتوبر کو عمان اور افغانستان صبح 5 بج کر 45 منٹ، اسکاٹ لینڈ اور سری لنکا 6 بج کر 40 منٹ جبکہ متحدہ عرب امارات اور بھارت 7 بج کر 35 منٹ پر مدمقابل ہوں گے۔ اس کے بعد باؤل، پلیٹ اور کپ سیمی فائنلز کھیلے جائیں گے۔ باؤل سیمی فائنل صبح 8 بج کر 30 منٹ اور 9 بج کر 25 منٹ، پلیٹ سیمی فائنل 10 بج کر 20 منٹ اور 11 بج کر 15 منٹ، جبکہ کپ سیمی فائنل دوپہر 12 بج کر 10 منٹ اور 1 بج کر 5 منٹ پر ہوں گے۔
یکم نومبر کو 11ویں اور 12ویں پوزیشن کا میچ صبح 6 بج کر 40 منٹ، 7ویں اور 8ویں پوزیشن کا مقابلہ 7 بج کر 35 منٹ اور تیسری و چوتھی پوزیشن کا میچ 8 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔ اس کے بعد باؤل، پلیٹ اور کپ کے فائنلز بالترتیب صبح 10 بج کر 20 منٹ، 11 بج کر 15 منٹ اور دوپہر 12 بج کر 10 منٹ پر کھیلے جائیں گے۔














