ایران کے ساتھ جنگ جلد ختم ہونے کا امکان ہے، تیل کی قیمتیں بھی کم ہوں گی، ڈونلڈ ٹرمپ

ہفتہ 3 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے جلد خاتمے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے فوراً بعد یہ تنازع ختم ہوسکتا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھی تیزی سے کمی متوقع ہے۔

ریاست الاباما میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے درپیش مشکلات کا ذکر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سب سے اہم سوال یہ ہے کہ تہران میں مذاکرات کے لیے کس سے رابطہ کیا جائے، کیونکہ وہاں اقتدار کے حصول کی کشمکش جاری ہے اور مختلف گروپس موجود ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ ایران نے مذاکرات کے دوران اپنا مؤقف انتہائی سخت رکھا حالانکہ اسے بات چیت کا راستہ اختیار کرنا چاہیے تھا۔

امریکی صدر نے ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کو اپنی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی فضائی حملوں کے نتیجے میں ایران کی جوہری صلاحیت کو بھاری نقصان پہنچا ہے اور تہران کو اپنی جوہری تنصیبات دوبارہ تعمیر کرنے میں کئی سال درکار ہوں گے۔

ایران کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے ملک میں افراطِ زر کی شرح تقریباً 310 فیصد ہونے کا دعویٰ بھی کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp