برمودا سے بوسٹن جانے والا طبی امدادی طیارہ 6 مسافروں سمیت لاپتا

ہفتہ 3 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی کوسٹ گارڈز برمودا سے بوسٹن جانے والے ایک لاپتا طبی امدادی طیارے کی تلاش کر رہے ہیں، جس میں 6 افراد سوار تھے۔

گلف اسٹریم نامی اس جیٹ کا ہفتے کی صبح فلائٹ کنٹرولرز سے اچانک رابطہ منقطع ہو گیا تھا، جس کے بعد نینٹکیٹ کے ساحل پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

کوسٹ گارڈ کے مطابق لاپتا ہونے والے ’گلف اسٹریم جی 100‘ طیارے کی تلاش کے لیے فضائی اور سمندری ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں اور متعلقہ علاقے میں سرچ آپریشن تیزی سے جاری ہے۔

طیارے کی اڑان اور انتظامیہ کا ردعمل

اس طیارے کو چلانے والی کمپنی ’لیٹیٹیوڈ ایئر ایمبولینس‘ کے ڈائریکٹر فلائٹ آپریشنز کلیرنس ٹوگیرٹز نے تصدیق کی کہ یہ طیارہ برمودا میں طبی انخلا کے ایک اہم مشن پر تھا۔

یہ بھی پڑھیں:لاگارڈیا میں خوفناک طیارہ حادثہ، فضائی میزبان معجزانہ طور پر کیسے زندہ بچ گئیں؟

انہوں نے امریکی نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’جب ہمارا عملہ مقررہ وقت پر رپورٹ نہیں کرتا تو ہمیں بجا طور پر تشویش ہوتی ہے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں پرامید اور مثبت انداز میں دوبارہ یہ کہوں گا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ خدانخواستہ کوئی بدترین واقعہ پیش آ گیا ہے‘۔

کلیرنس ٹوگیرٹز نے مزید بتایا کہ کمپنی کے پاس ایک جامع ہنگامی رسپانس پلان موجود ہے، جو کسی بھی مشن کے دوران پیش آنے والے حادثات یا غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رکھا گیا ہے۔

بوسٹن ایئرپورٹ انتظامیہ کا بیان

بوسٹن لوگن انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا انتظام سنبھالنے والی میساچوسٹس پورٹ اتھارٹی کے مطابق، طیارہ اپنے طے شدہ وقت پر ایئرپورٹ نہیں پہنچا۔

اتھارٹی کے ترجمان نے کہا کہ ’طیارے کی تلاش کا کام تیزی سے جاری ہے اور ہماری ہمدردیاں طیارے میں سوار افراد اور ان کے پیاروں کے ساتھ ہیں‘۔

کنٹرول ٹاور کی آڈیو اور رابطہ کی کوششیں

امریکی نجی ٹی وی کو موصول ہونے والی بوسٹن ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور کی آڈیو سے معلوم ہوتا ہے کہ کنٹرولرز نے لاپتا طیارے سے پوچھا تھا کہ کیا وہ ’بلائنڈ فلائٹ‘ کر رہے ہیں۔

بعد ازاں کنٹرولرز نے ایک اور طیارے سے اس لاپتا جیٹ کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کی درخواست کی۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ رابطے کی یہ کوشش کامیاب رہی یا نہیں۔

سمندر میں سرچ آپریشن اور ریڈار کا ڈیٹا

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک اپ ڈیٹ میں، کوسٹ گارڈ نارتھ ایسٹ ڈسٹرکٹ کا کہنا تھا کہ موجودہ سرچ ایریا نینٹکیٹ کے ساحل سے دور سمندر میں واقع ہے۔

مزید پڑھیں:نیویارک کے لاگارڈیا ہوائی اڈے پر طیارہ حادثہ: 2 ہلاک، درجنوں زخمی

مزید برآں ہنگامی خدمات کی آڈیو کے مطابق سمندری جہازوں کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پانی میں ممکنہ طیارے کے کسی بھی نشان پر کڑی نظر رکھیں۔ فلائٹ ریڈار 24 کے ڈیٹا سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ جزیرے کے جنوب میں متعدد طیارے تلاش کے کام میں مصروف ہیں۔

ایف اے اے کا ہنگامی نوٹس

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ہفتے کی رات 1:20 بجے (ایسٹرن ٹائم) طیارے کے لیے ’سرچ اینڈ ریسکیو نوٹس‘ جاری کیا گیا تھا۔

بیان کے مطابق ایوی ایشن اتھارٹی لاپتہ طیارے کی تلاش کے لیے کوسٹ گارڈ اور ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔

برمودا کیا ہے؟

واضح رہے کہ برمودا شمالی بحر اوقیانوس میں واقع برطانیہ کے زیرِ انتظام ایک علاقہ ہے، جو امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا سے تقریباً 650 میل کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس فضائی علاقے میں اس سے قبل بھی کئی طیارے لاپتا ہو چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp