اسلام آباد: نواب آف بہاولپور خاندان کے تاریخی نوادرات سمیت بیش قیمت سامان چوری

اتوار 4 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دارالحکومت اسلام آباد میں ڈکیتی اور چوری کی مختلف وارداتوں کے دوران شہری کروڑوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات، قیمتی اشیا اور موبائل فونز سے محروم ہوگئے۔

پولیس کے مطابق 8 مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 3 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد کا مال لوٹا یا چوری کیا گیا۔

پہلی واردات ایف 8 تھری میں نواب آف بہاولپور کے خاندان سے تعلق رکھنے والے شہزادہ بہاول عباس خان عباسی کے گھر میں ہوئی، جہاں چور اسٹور روم کا تالا توڑ کر تقریباً 2 کروڑ روپے مالیت کے تاریخی نوادرات اور قیمتی ورثہ لے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: گھریلو ناچاقی پر 2خواتین کا قتل، اسلام آباد پولیس نے 48 گھنٹوں میں ملزمان گرفتار کرلیے

پولیس نے مقدمہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 454 اور 380 کے تحت درج کر لیا۔

متاثرہ خاندان کے مطابق چوری ہونے والی اشیا میں چاندی اور سونے کے قیمتی سامان کے علاوہ چاندی کی تخت نما کرسی، چاندی کی سیڑھی، چاندی کے پیالے، مجسمے، سونے کی پلیٹیں، بہاولپور ریاست کے نشان والی سونے کی پلیٹیں اور ریاستی نشان سے مزین چاندی کا بڑا فریم شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ریاست بہاولپور سے متعلق قدیم اسلحہ، پرانی مسکٹ بندوقیں اور تلواریں بھی غائب ہیں۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کے سابق ایس پی کو سزائے موت سنا دی گئی

خاندان نے پولیس کو بتایا کہ سامان کی فہرست اور انوینٹری تیار کرنے کا عمل جاری ہے، جس کے مکمل ہونے کے بعد مزید چوری شدہ اشیا کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں گی۔

دوسری واردات نیول اینکریج میں ہوئی جہاں چار مسلح ڈاکوؤں نے علی اکبر نقوی کے گھر میں داخل ہو کر ان کے والدین کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا لیا۔

ملزمان نے گھر کی تلاشی کے دوران 8 تولے سونا، 12 چاندی کی انگوٹھیاں، 2 گھڑیاں اور ایک لاکھ روپے نقدی سمیت تقریباً 30 لاکھ روپے مالیت کا سامان لوٹ لیا۔

مزید پڑھیں: رشوت طلب کرنے کی ویڈیو وائرل، اسلام آباد پولیس اہلکار گرفتار

مارگلہ ٹاؤن میں ایک شخص نے مبینہ طور پر کسی اور شخص کا روپ دھار کر علی اصغر کے گھر میں داخل ہوکر اہل خانہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور 23 لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور سونا لوٹ لیا۔

عباسی آباد میں 2 مسلح ڈاکوؤں نے صفی اللہ کو گن پوائنٹ پر روک کر موٹر سائیکل، موبائل فون اور 3 لاکھ روپے نقدی چھین لی۔

ڈی 12 میں محمد بلال کے گھر سے 44 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی نقدی اور سونا چوری کر لیا گیا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی بڑی کامیابی، رواں سال قتل کے تمام مقدمات حل، ملزمان گرفتار

واردات کے وقت اہل خانہ مری گئے ہوئے تھے اور واپسی پر گھر کو بکھرا ہوا پایا۔

اسی طرح علی پور میں وسیم اخلاص کے گھر سے نقدی اور سونا چوری کر لیا گیا، جبکہ سری سرال میں نبیل شہزاد کے گھر سے 45 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی نقدی اور قیمتی اشیا چوری ہوئیں۔

ایک اور واردات میں ڈی ایچ اے فیز 2 میں عمار فاروق کے گھر سے مبینہ طور پر 28 آئی فونز، جن کی مالیت 80 لاکھ روپے بتائی گئی ہے، چوری کر لیے گئے۔ پولیس نے تمام واقعات کے مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp