پاکستان ویمنز فاسٹ بولر کائنات امتیاز نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی

اتوار 4 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بولر کائنات امتیاز نے 13 سالہ بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

کائنات امتیاز نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 19 ایک روزہ اور 21 ٹی20 بین الاقوامی میچز کھیلے۔

ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے میچ ریفری کے طور پر اپنے کیریئر کا نیا سفر بھی شروع کردیا ہے اور حال ہی میں اگست اور ستمبر میں منعقدہ پی سی بی نیشنل ویمنز انڈر 19 ٹی20 ٹورنامنٹ میں میچ ریفری کی ذمہ داریاں انجام دیں۔

یہ بھی پڑھیں: ویمن ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

دائیں ہاتھ سے فاسٹ بولنگ کرنے والی کائنات نے اکتوبر 2010 میں جنوبی افریقہ کے خلاف پوچفسٹروم میں اپنا ٹی20 انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور پاکستان کی ٹی20 کیپ نمبر 22 حاصل کی۔

بعد ازاں انہوں نے بنگلہ دیش کے فتح اللہ میں آئرلینڈ ویمنز کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور پاکستان کی 64ویں ون ڈے کیپ بنیں۔

کائنات امتیاز نے 2017 کے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی اور ایونٹ میں 4 میچز کھیلے۔

وہ 2010 اور 2014 میں ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی پاکستان ویمنز ٹیم کا بھی حصہ رہیں۔ 2010 میں چین اور 2014 میں جنوبی کوریا میں منعقدہ ایشین گیمز میں پاکستان نے خواتین کے کرکٹ مقابلوں میں طلائی تمغے حاصل کیے تھے۔

کائنات 2022 میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کے لیے پاکستان ویمنز اسکواڈ میں بھی شامل تھیں۔ انہوں نے اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل جنوری 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف گابا میں کھیلا، جبکہ ان کا آخری ٹی20 انٹرنیشنل اکتوبر 2022 میں سلہٹ میں تھائی لینڈ کے خلاف تھا۔

مزید پڑھیں: سلیمہ امتیاز، بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی پاکستانی خاتون امپائر نامزد

کائنات امتیاز نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز فروری 2007 میں کیا، جب انہوں نے پی سی بی نیشنل اسکولز انڈر 17 ویمنز چیمپئن شپ میں کراچی اسکولز انڈر 17 ٹیم کی نمائندگی کی۔

انہوں نے مارچ 2008 میں ڈومیسٹک لسٹ اے کرکٹ میں قدم رکھا، جبکہ جولائی میں اپنا ٹی20 ڈیبیو کیا۔

کائنات امتیاز کا تعلق ایسے کرکٹ خاندان سے ہے جہاں کھیل سے وابستگی کا سلسلہ جاری ہے۔

ان کی والدہ سلیمہ امتیاز نے 2024 میں آئی سی سی کے انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ پینل میں پاکستان کی پہلی خاتون امپائر بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

وہ اب تک 9 ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل اور 69 ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کرچکی ہیں۔

کائنات کی ریٹائرمنٹ کے ساتھ پاکستان ویمنز کرکٹ کی ایک طویل عرصے تک نمائندگی کرنے والی کھلاڑی کا بین الاقوامی سفر اختتام پذیر ہوگیا، تاہم میچ ریفری کے طور پر ان کا کرکٹ سے تعلق بدستور استوار رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp