وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے سکھر حیدرآباد موٹروے ایم 6 کی تعمیر اگلے ماہ نومبر میں شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 30 برس سے زیر التوا اس تاریخی منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے ابتدائی کام تیزی سے جاری ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر اپنے ردعمل میں ایکس پر جاری پیغام میں وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ موٹروے ایم 6 کی تعمیر شروع ہونے جا رہی ہے اور نومبر میں منصوبے کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: حیدرآباد تا سکھر موٹر وے سے متعلق اہم خبر، حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا
عبدالعلیم خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ انہیں ایم 6 جیسے تاریخی منصوبے کو عملی شکل دینے کا موقع مل رہا ہے۔
تین دہائیوں کےانتظار کے بعد سکھر–حیدرآباد موٹروے کی تعمیر کا کام اگلے ماہ سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے کہ ہمیں اس تاریخی منصوبے کو عملی طور پہ شروع کرنے کا موقع ملا۔ M-6 نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کے لیے تجارتی سرگرمیوں اور معاشی ترقی کو نئی رفتار دے…
— Abdul Aleem Khan (@abdul_aleemkhan) October 3, 2026
ان کے مطابق سکھر حیدرآباد موٹروے نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان میں تجارتی سرگرمیوں کو نئی رفتار دے گی بلکہ ملک کی معاشی ترقی اور علاقائی رابطوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ موٹروے ایم 6 سندھ اور پاکستان کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، جس کی تکمیل سے سندھ میں رابطوں اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کے ساتھ ملک کے وسیع تر موٹروے نیٹ ورک کو بھی تقویت ملے گی۔
مزید پڑھیں: ’کراچی نہیں جا سکتے، مسائل کی شنوائی کا مقامی انتظام کیا جائے‘ سکھر کے باسیوں کا مطالبہ
عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ سکھر حیدرآباد موٹروے کے سنگ بنیاد کی تقریب میں صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی کابینہ کے معزز اراکین کو بھی تقریب میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
وفاقی وزیر مواصلات کا یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایم 6 منصوبہ طویل عرصے سے تاخیر کا شکار رہا ہے، حالیہ سرکاری و پارلیمانی بریفنگ میں بھی نومبر 2026 میں تعمیر شروع کرنے کا ہدف سامنے آیا تھا۔












