پاکستان اور انگلینڈ کے خلاف ون ڈے ٹرائی سیریز، سری لنکا نے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا

اتوار 4 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سری لنکا کرکٹ بورڈ (ایس سی بی) نے پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے کوشل مینڈس کی قیادت میں 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ حالیہ ناقص کارکردگی پر سابق کپتان چارتھ اسالنکا کو ٹیم سے ‘ڈراپ’ کر دیا گیا ہے۔

سری لنکن اسکواڈ میں اوپننگ بیٹر پاتھم نسانکا کا نام شامل تو کیا گیا ہے، تاہم ان کا پاکستان کا سفر میڈیکل کلیئرنس سے مشروط ہوگا۔ وہ مکمل فٹ قرار دیے جانے کی صورت میں ہی ٹیم کو جوائن کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور سری لنکا آج تیسرے ٹی20 میں آمنے سامنے، سیریز کا فیصلہ کن معرکہ

دوسری جانب سابق کپتان چارتھ اسالنکا کو انگلینڈ کے حالیہ دورے میں مایوس کن کارکردگی کی بنیاد پر اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا ہے۔

اس دورے کے ون ڈے میچز میں وہ صرف 1، 11 اور 7 رنز ہی بنا سکے تھے۔ واضح رہے کہ اسالنکا 88 ون ڈے میچز میں 40.55 کی شاندار اوسط رکھتے ہیں، لیکن حالیہ فارم ان کے آڑے آ گئی۔

ٹی 20 اور ٹرائی سیریز کا شیڈول

آئی سی سی ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کے سلسلے میں سری لنکن ٹیم 4 اکتوبر کو پاکستان پہنچ رہی ہے۔ مہمان ٹیم دورے کا آغاز 9 سے 13 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 3 ٹی 20 میچز کی سیریز سے کرے گی۔

اس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم بھی پاکستان پہنچے گی، جس کے بعد تینوں ممالک کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ 18 اکتوبر کو راولپنڈی میں میزبان پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اسی میدان پر 20 اکتوبر کو پاکستان کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا، جبکہ 22 اکتوبر کو سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

لاہور میں فائنل کا ٹاکرا

ابتدائی میچز کے بعد ٹرائی سیریز کا کارواں لاہور منتقل ہو جائے گا۔ قذافی اسٹیڈیم میں 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ، جبکہ 27 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔

گروپ اسٹیج کا آخری میچ 29 اکتوبر کو سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ہوگا۔ پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ ٹو ٹیمیں 31 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور ہی میں فائنل کھیلیں گی۔

ٹیسٹ سیریز اور ’ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ‘

ٹرائی سیریز کے اختتام کے بعد سری لنکن ٹیم اسلام آباد میں 4 سے 6 نومبر تک ایک 3 روزہ وارم اپ میچ کھیلے گی تاکہ ریڈ بال کرکٹ کے لیے خود کو ہم آہنگ کر سکے۔

مزید پڑھیں:پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کے 2 میچز کا شیڈول تبدیل

یہ وارم اپ میچ پاکستان کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 27-2025 کے سلسلے میں کھیلی جانے والی 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کی تیاریوں کا حصہ ہے۔

پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی میں اور دوسرا ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک لاہور میں شیڈول ہے۔

ٹرائی سیریز کے لیے سری لنکن اسکواڈ

ونڈے ٹرائی سیریز کے لیے اعلان کردہ 16 رکنی سری لنکن اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے

کوشل مینڈس (کپتان)، پاتھم نسانکا، اویشکا فرنینڈو، کامل مشارا، پون رتنائیکے، سہان آراچیگے، کامینڈو مینڈس، جنیتھ لیاناگے، داسن شناکا، ڈنیتھ ویلا لاگے، مہیش تھیکشنا، سچندو کولمباگے، دشمنتھا چمیرا، اسیتھا فرنینڈو، دلشان مدوشنکا اور ایشن ملنگا شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp