ٹی 20 سیریز: سری لنکن کرکٹ ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی، پی سی بی حکام کا مہمان ٹیم کا شاندار استقبال

اتوار 4 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سری لنکا کی 16 رکنی قومی کرکٹ ٹیم ٹی 20 اور ون ڈے سیریز میں شرکت کے لیے کپتان کوشل مینڈس کی قیادت میں اسلام آباد پہنچ گئی ہے، جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلیٰ حکام نے ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک اور گرمجوش کے ساتھ استقبال کیا اورتمام کھلاڑیوں کو پھول پیش کیے۔

مہمان ٹیم کے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے پر پی سی بی کے حکام نے ان کا روایتی انداز میں پرجوش خیرمقدم کیا۔ تمام کھلاڑیوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے اور انہیں خوش آمدید کہا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:ٹی20 ورلڈ کپ، پاکستان کا سری لنکا کے خلاف اہم میچ آج، قومی ٹیم کس طرح سیمی فائنل تک پہنچ سکتی ہے؟

سری لنکا اور انگلینڈ دونوں ہی بین الاقوامی سیریز کے لیے اپنے ون ڈے اسکواڈز کا اعلان کر چکے ہیں، جس کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے ایک اور پرجوش مرحلے کا آغاز ہو رہا ہے۔

دوسری جانب، مہمان اور دیگر حریف ٹیموں کی جانب سے اسکواڈز کا بروقت اعلان اور آمد کے باوجود میزبان ملک کی ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے اپنی ٹیم کا اعلان نہیں کیا گیا۔

اعلان کردہ 16 رکنی سری لنکن اسکواڈ

ٹی 20 اور ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے سری لنکا کے 16 رکنی اسکواڈ کی قیادت کوشل مینڈس کر رہے ہیں۔

اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں پاتھم نسانکا، اویشکا فرنینڈو، کامل مشارا، پون رتنائیکے، سہان آراچیگے، کامینڈو مینڈس، جنیتھ لیاناگے، داسن شناکا، ڈنیتھ ویلا لاگے، مہیش تھیکشنا، سچندو کولمباگے، دشمنتھا چمیرا، اسیتھا فرنینڈو، دلشان مدوشنکا اور ایشن ملنگا شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی مکمل بحالی کے بعد سے غیر ملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سیریز کے انعقاد سے ملک میں کرکٹ کے شائقین کو بہترین اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، تاہم شائقین کی نظریں اب قومی ٹیم کے اسکواڈ کے حتمی اعلان اور انتظامی کارکردگی پر بھی ٹکی ہوئی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp