کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وائڈ بال پر چھکا دیکھنے کو ملا، تاہم امپائر کے حیران کن فیصلے نے شائقین کو دنگ کردیا۔
کینیڈا سپر 60 کے سیمی فائنل میں فاسٹ بولر علی خان کی ایک باؤنسر نے اس وقت سب کو حیران کردیا جب گیند بلے کو چھوئے بغیر وکٹ کیپر کے سر کے اوپر سے گزرتی ہوئی باؤنڈری کے باہر جاگری۔
ٹورنٹو سکسیرز اور مسی ساگا ماسٹرز کے درمیان کھیلے گئے سیمی فائنل میں علی خان نے کیرون پولارڈ کو باؤنسر کرائی، جو وکٹ کیپر کے سر کے اوپر سے گزرتی ہوئی باؤنڈری لائن کے پار جا پہنچی جس پر شائقین نے اسے چھکا سمجھ کر جشن منانا شروع کردیا۔
For The First Time In The Cricket History, We Have A Six On A Wide Ball pic.twitter.com/EU0yL0qleh
— Aryan Goel (@AryanGoel101922) October 4, 2026
تاہم امپائرز نے گیند کو چھکا قرار نہیں دیا کیونکہ پولارڈ کا بیٹ گیند سے نہیں لگا تھا۔ گیند کو وائیڈ قرار دیتے ہوئے باؤنڈری تک پہنچنے کے 4 اضافی رنز دیے گئے یوں ٹورنٹو سکسیرز کو ایک ہی گیند پر مجموعی طور پر 5 رنز مل گئے۔
یہ غیر معمولی واقعہ کینیڈا سپر 60 میں باؤنڈری کی مختصر حدود کی جانب بھی توجہ لے آیا۔ 10 اوورز کے اس مختصر فارمیٹ میں میدان کی باؤنڈری نسبتاً قریب ہونے کے باعث ایک ایسی باؤنسر بھی جسے عام طور پر بلے باز کے لیے مشکل گیند سمجھا جاتا ہے بیٹ سے ٹکرائے بغیر باؤنڈری تک پہنچ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی کا نیا قانون: بیٹر نے جان بوجھ کر وقت ضائع کیا تو ٹیم کے 5 رنز گئے
سیمی فائنل میں ٹورنٹو سکسیرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 10 اوورز میں 130 رنز بنائے۔ جواب میں مسی ساگا ماسٹرز کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بناسکی۔
مسی ساگا کو آخری اوور میں فتح کے لیے 18 رنز درکار تھے تاہم عبدالرّحیم ٹوپن نے صرف 8 رنز دیے اور خطرناک بلے باز اعظم خان کو آؤٹ کرکے ٹورنٹو سکسیرز کی 9 رنز سے فتح یقینی بنادی۔
اس کامیابی کے ساتھ ٹورنٹو سکسیرز نے کینیڈا سپر 60 کے فائنل میں جگہ بنالی تاہم سیمی فائنل کا سب سے منفرد لمحہ علی خان کی وہ باؤنسر رہی جو بظاہر چھکے کے لیے باؤنڈری پار گئی لیکن اسکور میں وائیڈ سمیت 5 رنز درج ہوئے۔













