190 ملین پاؤنڈ کیس: اپیلوں پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

پیر 5 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے اپیلوں پر سماعت شروع کی تو بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ لطیف کھوسہ پیش نہ ہوسکے۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت، قید تنہائی، صحت کے مسائل اور اپیلوں پر تفصیلی دلائل، فیصلہ محفوظ

بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ راستوں کی بندش اور ٹریفک جام کے باعث آج عدالت پہنچنا بہت مشکل تھا، وہ خود عدالت پہنچ گئے ہیں تاہم لطیف کھوسہ نہیں پہنچ سکے۔ انہوں نے بتایا کہ لطیف کھوسہ کی جانب سے التوا کی درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔

سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواست وفاقی آئینی عدالت میں بھی زیر سماعت ہے اور اس معاملے پر جلد سماعت کی درخواست 17 ستمبر کو دائر کی گئی تھی۔ ان کے مطابق اگر اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلوں پر سماعت شروع ہوئی تو وفاقی آئینی عدالت میں دائر درخواست غیر مؤثر ہوجائے گی۔

وکیل نے کہا کہ گرمیوں میں جاری ہونے والے عدالتی حکم سے انہیں ایسا محسوس ہوا کہ شاید اپیل سے انہیں نکالا جا رہا ہے۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے استفسار کیا کہ گزشتہ سماعت کے کون سے حکم سے وہ متاثر ہوئے ہیں۔

سلمان صفدر نے کہا کہ نیب نے 16 سماعتوں پر التوا لیا، یہ سزائے موت کا کیس نہیں بلکہ نیب کا کیس ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے قریباً 300 کیسز میں پیروی کی ہے اور اس کیس میں بھی وہ وکیل ہیں۔

سلمان صفدر نے عدالت سے بشریٰ بی بی سے ملاقات کی اجازت دینے کی استدعا بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دسمبر 2025 سے بشریٰ بی بی سے ان کی ملاقات نہیں ہوئی، کلائنٹ سے رابطہ منقطع ہے اور کیس سے متعلق ہدایات کے لیے ملاقات ضروری ہے۔

مزید پڑھیں:190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کو سزا سنانے والے جج ناصر جاوید رانا کا تبادلہ

انہوں نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ وہ تحریری انڈرٹیکنگ دینے کو تیار ہیں کہ ملاقات صرف پیشہ ورانہ نوعیت کی ہوگی اور اس دوران صرف مقدمات سے متعلق بات کی جائے گی۔

سلمان صفدر نے کہا کہ اسلام آباد میں مذاکرات کے دوران سیاسی درجہ حرارت بڑھ رہا ہے اور ایسے موقع پر کیس دفتر کی جانب سے سماعت کے لیے مقرر کیا گیا، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔

بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp