نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اہم اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت ہونے والے اہم اجلاس میں شرکت سے قبل مدینہ منورہ پہنچ گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مدینہ منورہ آمد پر سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر، جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل، سعودی وزارت خارجہ مدینہ برانچ کے ڈائریکٹر جنرل اور سعودی رائل پروٹوکول نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔
یہ بھی پڑھیے مکہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے، آپریشنل تفصیلات عوامی سطح پر شیئر نہیں ہوتیں: ترجمان پاک فوج
مدینہ منورہ میں اپنے قیام کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے روضۂ رسول ﷺ پر حاضری دی اور نوافل ادا کیے۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی امن و خوشحالی، عوام کی ترقی اور امتِ مسلمہ کی فلاح و بہبود سمیت خطے کے امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
اسحاق ڈار نے جبلِ احد کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے شہدائے احد کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
زیارت کی سعادت حاصل کرنے کے بعد نائب وزیراعظم ریاض کے لیے روانہ ہو گئے، جہاں وہ مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف بھی اسی اجلاس میں شرکت کے لیے ریاض پہنچ چکے ہیں۔ ریاض آمد پر سعودی رائل آرمڈ فورسز اور ایئر فورس کے اعلیٰ افسران، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔
یہ بھی پڑھیں:مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع: پاکستان،سعودی عرب اور ترکیہ کا تعاون مزید ادارہ جاتی بنانے پر اتفاق
ذرائع کے مطابق ریاض میں منعقد ہونے والے اس اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پاکستان کی جانب سے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شرکت کریں گے، جبکہ سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سیکیورٹی و دفاعی حکام بھی اسٹریٹجک تعاون اور علاقائی دفاعی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔












