سلمان خان کی دبئی آمد، اداکار کی ایک جھلک کیلئے مداحوں کا سمندر اُمڈ آیا

منگل 6 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کی دبئی آمد نے مداحوں میں زبردست جوش و خروش پیدا کردیا، دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقدہ بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ ایونٹ میں اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے سیکڑوں مداح راہداریوں میں جمع ہوگئے۔

سلمان خان بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ میں خوشبوؤں کی نئی رینج ’کینز ڈی راساسی‘ کی تشہیر کے لیے شریک ہوئے۔ ایونٹ کے مطابق اداکار سے ملاقات کا وقت دوپہر ڈیڑھ بجے مقرر تھا جبکہ مصنوعات کی باضابطہ لانچنگ 2 بجے ہونا تھی تاہم مقررہ وقت گزرنے کے باوجود سلمان خان کی آمد نہ ہونے پر بھی مداحوں کا جوش کم نہ ہوا۔

دوپہر 3 بجے کے قریب بھی سینکڑوں افراد نمائش گاہ کی راہداریوں میں موجود تھے اور ایک دوسرے سے کندھے سے کندھا ملا کر اپنے پسندیدہ اداکار کی آمد کے منتظر رہے۔ کئی مداحوں نے موبائل فون ہاتھوں میں تھام رکھے تھے تاکہ سلمان خان کی آمد کے لمحات کو کیمرے میں محفوظ کرسکیں۔

سلمان خان کے مداحوں کا ہجوم اردگرد موجود دیگر اسٹالز تک پھیل گیا جس کے باعث بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ کی تجارتی نمائش کا ماحول کچھ دیر کے لیے ایک بڑے مداحی اجتماع میں تبدیل ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’پاپارازی ڈر گئے ہیں‘، سلمان خان کا ڈانٹ کے بعد فوٹوگرافرز کے لیے پوز، صارفین کے دلچسپ تبصرے

بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ اس شعبے سے وابستہ افراد کے لیے ایک اہم تجارتی ایونٹ ہے، جس کے 30ویں ایڈیشن میں ایک ہزار 900 سے زائد نمائش کنندگان شریک ہیں جبکہ تین روزہ نمائش کے دوران 70 ہزار سے زائد صنعت سے وابستہ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ ایونٹ 8 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

آج ہونے والی ملاقات اور ملاقات کے اعلان سے متعلق راساسی کی انسٹاگرام پوسٹ کو چند ہی گھنٹوں میں 5 ہزار سے زائد لائکس مل چکے تھے جبکہ مداحوں اور مقامی سوشل میڈیا انفلوئنسرز نے بھی ایونٹ سے قبل اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp