نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) راولپنڈی سرکل نے ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر متحرک سائبر فراڈ نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق ایجنسی نے چکری روڈ پر واقع ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں قائم ’عباسی کال سینٹر‘ پر چھاپہ مار کر متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیے این سی سی آئی اے کی کارروائی، اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث گروہ کی مرکزی ملزمہ سمیت 2 افراد گرفتار
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان جعلی ٹیلی گرام پروفائلز کا استعمال کرتے ہوئے آسٹریلوی شہریوں کو ہدف بناتے تھے اور جعلی یوٹیوب ٹاسکس اور یو ایس ڈی ٹی (USDT) کرپٹو کرنسی انویسٹمنٹ کے نام پر ان سے لاکھوں روپے کا فراڈ کر چکے ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران کال سینٹر سے بھاری تعداد میں کمپیوٹر سسٹمز، سرورز اور موبائل ڈیوائسز قبضے میں لے لی گئی ہیں۔ واقعے میں ملوث مرکزی ملزمان، مینیجرز اور ٹیم لیڈرز کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے اسلام آباد: این سی سی آئی اے نے مالی فراڈ میں ملوث 8 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) این سی سی آئی اے، سید علی ناصر رضوی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ایجنسی سائبر کرائمز کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کے جان و مال کے ساتھ ساتھ ان کے ڈیجیٹل تحفظ کو یقینی بنانا نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کی اولین ترجیح ہے۔













