بھارت میں 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک شیڈول ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کی جگہ بنگلہ دیش کو شامل کیے جانے کا امکان ہے، ایشین ہاکی فیڈریشن کی جانب سے باضابطہ اعلان جمعہ کو متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق 6 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں پاکستان کے متبادل کے طور پر بنگلہ دیش کو شامل کیا جارہا ہے۔ ایونٹ کے میچز جالندھر اور موہالی میں کھیلے جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا ڈرا بھی جمعہ کو جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین چیمپیئنز ٹرافی، پاکستان ہاکی ٹیم کا بھارت جانا حکومتی اجازت سے مشروط
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹورنامنٹ کو غیر جانب دار مقام پر منتقل کرنے یا پاکستان کے میچز غیر جانب دار مقام پر کرانے کی درخواست کی تھی، تاہم ہاکی انڈیا نے درخواست مسترد کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ ٹورنامنٹ کے شیڈول یا مقامات میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی فیڈریشن کو آگاہ کیا تھا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر قومی ٹیم کو بھارت بھیجنے کا ارادہ نہیں۔ پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا تھا کہ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان حساس صورتحال اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا، قومی کھلاڑیوں اور حکام کی حفاظت اور وقار فیڈریشن کی ترجیح ہے۔
محی الدین احمد وانی نے ایشین چیمپیئنز ٹرافی اور ہاکی کی ترقی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ قومی ٹیم بھارت سمیت تمام عالمی ہاکی فیڈریشن کے رکن ممالک کے خلاف کھیلنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کھیل کو سیاست سے الگ رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز ہاکی: پاکستان نے چین کو 0-3 سے شکست دے کر فتح کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی
یہ پیشرفت بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان کے ایک روز قبل دیے گئے بیان کے بعد سامنے آئی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کی ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی پالیسی ہمسایہ ممالک کو کثیر ملکی کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کی اجازت دیتی ہے، تاہم بھارت اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ سیریز پر پابندی برقرار ہے۔
ایشین چیمپیئنز ٹرافی ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقد ہوتی ہے اور روایتی طور پر ہر سال کھیلی جاتی رہی ہے، تاہم گزشتہ سال اس کا کوئی ایڈیشن نہیں ہوا تھا۔
بھارت ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے شرکت کرے گا۔ بھارت نے 2023 میں چنئی میں ہونے والا ایڈیشن جیتا تھا جبکہ 2024 میں چین کے شہر ہولن بائر میں بھی ٹائٹل برقرار رکھا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی: پاکستان ٹیم کا بھارتی فزیو تھراپسٹ کیوں؟
پاکستان نے گزشتہ سال تامل ناڈو میں ہونے والے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ سے بھی دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ صورتحال کے باعث دستبرداری اختیار کی تھی۔









