ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی: پاکستان ٹیم کا بھارتی فزیو تھراپسٹ کیوں؟

بدھ 9 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ہاکی ٹیم ویزے کے مسائل کے باعث فزیو تھراپسٹ کے بغیر بھارت پہنچی تھی۔ فزیو کے بغیر مقابلے میں شرکت مشکل تھی لیکن بھارت کے تمل فزیو تھراپسٹ راج کمل نے پاکستان ٹیم کی پریشانی ختم کر دی ہے۔

ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے مقابلے بھارت کے شہر چنئی میں جاری ہیں۔ 3 اگست سے 12 اگست تک جاری رہنے والی سیریز میں 6 ممالک پاکستان، انڈیا، چین، کوریا، ملائیشیا اور جاپان حصہ لے رہے ہیں۔ پاکستان ہاکی ٹیم ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے 31 جولائی کو اٹاری واہگہ بارڈر کے راستے بھارت پہنچی تھی۔ ٹیم کے فزیو تھراپسٹ ویزہ جاری نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم کے ساتھ نہیں جا سکے تھے۔

فزیو تھراپسٹ کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس بہتر بنانے اور زخموں کے علاج کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔ عالمی مقابلوں میں کوئی ٹیم صرف اسی صورت میں میچوں میں حصہ لے سکتی ہے جب اس کے پاس فزیو تھراپسٹ ہو۔

پاکستان کی جانب سے آخری لمحات میں اپنے فزیو تھراپسٹ کو لانے میں ناکامی ٹیم کے لیے بحران کا باعث بنی تھی۔ یہ بات تمل ناڈو ہاکی فیڈریشن کے علم میں آئی تو انہوں نے فزیو تھراپسٹ راج کمل کی خدمات پاکستانی ٹیم کے لیے پیش کیں۔ پاکستان ٹیم کے مینیجر اور کوچ نے چنئی میں راج کمل کا انٹرویو کیا اور انہیں پاکستانی ٹیم کے لیے فزیو منتخب کر لیا۔

راج کمل تمل ناڈو کے گاؤں ’بالکلم‘ کے رہنے والے ہیں، وہ 2016 سے فزیو تھراپسٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔’مائنر لیگز‘ میں بطور فزیو کام کرنے کے بعد وہ 2018 میں تمل ناڈو فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی فزیو کے فرائص سر انجام دے چکے ہیں۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ محمد ثقلین نے چنئی میں راج کمل کے بارے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’راج کمل اپنے کام کو بہت اچھی طرح سے نبھا رہے ہیں، ہمیں ایک عالمی معیار کا فزیو ملا ہے۔‘

یاد رہے کہ پاکستان 2012، 2013 اور 2018 میں ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی سیریز جیت چکا ہے۔ چنئی میں جاری مقابلوں میں پاکستان کو اب تک 4 میچوں میں ایک میں کامیابی، ایک میں شکست ہوئی جبکہ 2 میچز ڈرا ہوئے ہیں۔

پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر 5 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ پاکستان آج انڈیا کے خلاف میچ کھیلے گا۔ انڈیا اور ملائیشیا سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں جبکہ جاپان اور چین پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے ہیں، اس لیے پاکستان باآسانی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp