ایپل کی مصنوعی ذہانت پر مبنی سروس ‘ایپل انٹیلیجنس’ دسمبر میں چین میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد آئی فون، آئی پیڈ اور میک استعمال کرنے والے چینی صارفین بھی مصنوعی ذہانت کی متعدد سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایپل انٹیلیجنس کو آئندہ آئی او ایس 27.3 اپ ڈیٹ کے ذریعے متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔ اس پیشرفت سے چین میں ایپل کی مصنوعی ذہانت کی سہولتوں کی دستیابی میں طویل تاخیر ختم ہونے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل صارفین کے لیے خوشخبری، اہم سافٹ ویئراَپ ڈیٹ لانچ، آپ کا فون بھی ہوگا پہلے سے کہیں زیادہ اسمارٹ
ابتدائی مرحلے میں صارفین کو ایسی سہولتیں فراہم کیے جانے کا امکان ہے جو پہلے ہی امریکا میں متعارف کرائی جاچکی ہیں۔ ان میں اپنی پسند کے مطابق ایموجی بنانے کے لیے ‘جین موجی’، تحریر بہتر بنانے، مصنوعی ذہانت کی مدد سے اطلاعات کا خلاصہ اور تصاویر سے غیر ضروری اشیا ہٹانے کی سہولت شامل ہے۔
View this post on Instagram
تاہم دسمبر میں متوقع اجرا کے دوران ایپل کے نئے مصنوعی ذہانت کے معاون ‘سری’ اور تصاویر بنانے سے متعلق جدید سہولتوں کی فراہمی کا امکان کم ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایپل نے چین میں مصنوعی ذہانت کی مخصوص سہولتیں تیار کرنے کے لیے چینی ٹیکنالوجی کمپنی علی بابا کے ساتھ کام کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان سہولتوں میں ایسے حفاظتی اقدامات شامل ہیں جن کے ذریعے چینی حکام جاری اپ ڈیٹس کا جائزہ لے سکیں گے۔ مقامی ضوابط کی پابندی کے لیے بعض ایپلی کیشنز میں متن تیار کرنے کی سہولتوں پر پابندیاں بھی عائد کی جاسکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل کا انقلابی قدم، معذور افراد کے لیے اے آئی سے لیس حیرت انگیز فیچرز متعارف کروا دیا
ایپل کو چین میں اپنی مصنوعی ذہانت کی سہولتیں متعارف کرانے میں طویل عرصے سے مشکلات کا سامنا رہا ہے، کیونکہ کمپنی کو جنریٹو مصنوعی ذہانت سے متعلق چینی ضوابط پورے کرنا تھے۔ چین کی سائبر اسپیس انتظامیہ کی جانب سے اس سروس کی رجسٹریشن بھی کی جا چکی ہے، جسے منظوری کے عمل میں اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔
چین ایپل کی مصنوعات کی فروخت کے لیے ایک اہم منڈی ہے، تاہم مقامی اسمارٹ فون کمپنیوں کی جانب سے مصنوعی ذہانت پر مبنی سہولتیں متعارف کرائے جانے کے بعد ایپل کو سخت مقابلے کا سامنا ہے۔
دوسری جانب ایپل نے تاحال چین میں دسمبر کے دوران اس سروس کے اجرا کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، اس لیے اس کی حتمی تاریخ اور دستیاب سہولتوں کی تفصیلات غیریقینی ہیں۔












