ٹرائی سیریز ٹرافی کی رونمائی، ورلڈ کپ تیاریوں پر فوکس، ٹیم 400 رنز بھی بنا سکتی ہے،شاہین آفریدی

ہفتہ 17 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ایک روز سہ فریقی سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی ہفتہ کے روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کی گئی، جہاں تینوں کیپٹنز نے ٹرافی کے پاس کھڑے ہو کر سیریز کے آغاز کی نوید سنائی ۔

ایک روزہ سہ فریقی سیریز کا باقاعدہ آغاز اتوار کو روالپنڈی کرکٹ اسٹیڈم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ سے ہوگا۔

تقریب رونمائی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی تمام تر توجہ ورلڈ کپ کی تیاریوں اور مثبت کرکٹ پر مرکوز ہے اور ٹیم 400 رنز کا ہدف حاصل کرنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے۔

دوسری جانب انگلش ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے پاکستان کو کرکٹ کے لیے بہترین جگہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 3 ملکی سیریز اور دو مضبوط ٹیموں کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر پرجوش ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ متبادل کھلاڑی تیار رکھنے کا اصل مقصد ضرورت کے وقت بہترین آپشنز کا دستیاب ہونا ہے۔

ٹورنامنٹ میں جب بھی کھلاڑیوں کو موقع ملا انہوں نے شاندار پرفارمنس دی ہے، جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔

یہ بیھ پڑھیں:سہ ملکی کرکٹ سیریز کے باعث ریڈ زون کی اہم سڑکیں عارضی طور پر بند

ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس میں مسلسل بہتری آ رہی ہے اور ٹیم کو ان سے مزید اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔

ورلڈ کپ کی تیاریوں کے مطابق کھلاڑیوں کو مسلسل مواقع دینے اور وکٹوں کے استعمال کی منصوبہ بندی پر خاص توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ٹیم کو میگا ایونٹ کے لیے بہترین انداز میں تیار کیا جا سکے۔

دباؤ سے نجات اور سادہ کرکٹ پر فوکس

شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ میں دباؤ ہمیشہ رہتا ہے، لیکن ہماری تمام تر توجہ صرف اور صرف اپنے کھیل پر ہے۔  انہوں نے زور دیا کہ ہمیں غیر ضروری دباؤ لینے کے بجائے بنیادی کرکٹ کھیلنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ سادہ اور مثبت کرکٹ کھیل کر میچ جیتیں اور بہترین کھیل پیش کر کے پاکستان کو کامیابی دلائیں تاکہ ملک کو خوشیاں دی جا سکیں۔

پاکستانی کھلاڑی مضبوط کردار کے مالک ہیں اور ان کی شاندار کارکردگی سب کے سامنے ہے۔

بیٹنگ کی حکمت عملی اور 400 رنز کا ہدف

شاہین آفریدی نے بیٹنگ لائن پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کے پاس انتہائی تجربہ کار بیٹنگ آرڈر موجود ہے۔

ہماری بیٹنگ وکٹ اور میچ کی صورتحال کے مطابق کھیلے گی اور حریف ٹیم و وکٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق حکمت عملی اپنائیں گے۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد پولیس کی ٹریفک ایڈوائزری، کرکٹ سیریز کے دوران متبادل راستوں کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ وکٹ کی صورتحال کے مطابق 300 رنز بھی بنا سکتے ہیں اور یہ ٹیم 400 رنز کا ہدف بھی حاصل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ میں بھی اچھے رنز بنانے کی کوشش کی گئی اور ٹیم کے کپتان کو اپنی ذمہ داری اور ٹیم میں اپنا کردار اچھی طرح معلوم ہے۔

پاکستان کرکٹ کے لیے شاندار جگہ ہے، ہیری بروک

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کھیلنے کے لیے ایک انتہائی اچھی اور شاندار جگہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 3 ملکی سیریز میں پاکستان اور سری لنکا جیسی دو بہترین اور مضبوط ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ ہوگا اور ہمیں پاکستان کی کنڈیشنز کا مکمل اندازہ ہے۔

ہیری بروک کے مطابق پاکستان میں کرکٹ کھیلنا چیلنجنگ ہوتا ہے لیکن ہم ایسی ٹیم بننا چاہتے ہیں جو کسی بھی ہدف کا تعاقب کر سکے اور وہ انگلینڈ کے لیے زیادہ سے زیادہ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔

پی ایس ایل کے تجربے سے انٹرنیشنل کرکٹ میں مدد ملی

انگلش کپتان نے اپنے ماضی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان سپر لیگ یعنی پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے 22 سال کی عمر میں پی ایس ایل کھیلی تھی، جس سے انہیں انٹرنیشنل کرکٹ میں بہت زیادہ مدد ملی۔

ہیری بروک نے کہا کہ وہ پاکستان کی کنڈیشنز اور یہاں کے کھلاڑیوں کو بہت اچھی طرح جانتے ہیں، اسی لیے پاکستان میں کرکٹ کھیلتے ہوئے انہیں زیادہ اعتماد محسوس ہوتا ہے اور انگلش ٹیم اس سیریز کے لیے مکمل طور پر تیار اور پرجوش ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp