پاکستانی ڈراما ’ مٹی دے باوے ‘ میں زریہ کے کردار میں اداکارہ امر خان کی رنج و الم سے بھرپور جذباتی اداکاری نے سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے۔
ڈرامے کے ایک رقت آمیز منظر میں پنجابی گانے کے ذریعے اپنے کردار کے غم کا اظہار کرنے پر صارفین ان کی اداکاری کی بے حد تعریف کر رہے ہیں۔
اس سنسنی خیز اور جذباتی منظر میں زریہ کا کردار ادا کرنے والی امر خان سیاہ لباس میں ملبوس لکڑی کے ایک دروازے کے پاس کھڑی ہیں اور ان کے ہاتھ میں ایک جوڑے کی فریم شدہ تصویر ہے۔
View this post on Instagram
وہ اس تصویر کو دیکھتے ہوئے جب پنجابی گانا گاتی ہیں تو ان کی آنکھوں کا درد اور چہرے کے تاثرات کردار کی اندرونی کشمکش اور دکھ کو پوری طرح نمایاں کر دیتے ہیں۔
یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی کمنٹس سیکشن میں مداحوں کی جانب سے تعریف و تحسین کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ذات اور ماضی کی بنیاد پر فیصلے کیوں؟ ’مٹی دے باوے‘ نے معاشرتی رویوں پر بحث چھیڑ دی
ایک صارف نے ان کی پرفارمنس کو ’ نیکسٹ لیول ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آنکھوں میں جذباتی درد کے ساتھ پنجابی گانا گایا، جبکہ ایک اور صارف نے ششدر رہ کر تبصرہ کیا کہ ’امر خان کی اداکاری او مائی گاڈ ‘۔
امر خان کا فنی کیریئر
امر خان نے اداکاری، تحریر اور فلم سازی کے شعبوں میں ایک کامیاب اور مستحکم کیریئر بنایا ہے۔
انہوں نے لاہور کی بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کی اور اپنے فنی سفر کا آغاز شارٹ فلموں سے کرنے کے بعد ٹیلی ویژن کی دنیا میں قدم رکھا۔
View this post on Instagram
انہوں نے 2017 میں شارٹ فلم ’ چشم نم ‘ سے اپنے اداکاری کے کیریئر کا آغاز کیا، جبکہ 2018 میں سپر نیچرل ڈراما’ بیلاپور کی ڈائن ‘ سے انہیں وسیع پیمانے پر شہرت حاصل ہوئی۔
بعد ازاں انہوں نے ’ گھوگھی ‘، ’ دل گمشدہ ‘ اور ’ قیامت ‘ جیسے نامور ڈراما سیریلز میں اپنی شاندار اداکاری کا لوہا منوایا۔
فلم سازی اور نئی بڑی اسکرین کا پروجیکٹ
اداکاری کے ساتھ ساتھ امر خان نے تحریر کے شعبے میں بھی اپنے جوہر دکھائے اور اپنے پروجیکٹس خود تیار کیے۔
انہوں نے 2022 میں فلم ’ دم مستم ‘ سے اپنے فیچر فلم کیریئر کا آغاز کیا، جس میں انہوں نے اداکار عمران اشرف کے مدِ مقابل مرکزی کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی کہانی بھی تحریر کی تھی۔
مزید پڑھیں:ماہرہ خان نے ڈراما ’مٹی دے باوے‘ کے ہدایت کار کو کیا کہا؟ بلو کے کردار سے متعلق جذباتی پیغام
اب وہ ایک نئی بڑی اسکرین کے پروجیکٹ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جس میں وہ پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی، جو اس فلم کے ذریعے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کر رہے ہیں۔
سید فیصل بخاری کی ہدایت کاری اور سرمد ابراہیم کی تحریر کردہ اس ایکشن کامیڈی فلم کی شوٹنگ پنجاب کے مختلف علاقوں میں جاری ہے۔
فلم کی شوٹنگ کا پہلا شیڈول چنیوٹ میں مکمل ہو چکا ہے، جہاں امر خان نے شوٹنگ کے اختتام کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے چنیوٹ کے عوام کا شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا۔














