اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق خدمات گھر بیٹھے فراہم کرنے کے لیے 3 اہم سہولتیں آن لائن منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت 19 اکتوبر سے نیا نظام نافذ ہوگا۔
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر کے مطابق شہری اب لرنر پرمٹ کے حصول، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور گمشدہ یا خراب ہونے والے لائسنس کی جگہ ڈپلیکیٹ لائسنس کے اجرا کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ویب پورٹل پر آن لائن درخواست دے سکیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ 19 اکتوبر سے یہ تینوں سہولتیں ٹریفک ہیڈ کوارٹرز اور پولیس خدمت مراکز پر دستیاب نہیں ہوں گی، بلکہ شہریوں کو ان خدمات کے حصول کے لیے آن لائن نظام استعمال کرنا ہوگا۔
کائنات اظہر نے بتایا کہ ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید یا ڈپلیکیٹ لائسنس کے لیے درخواست دینے والے شہریوں کو متعلقہ دستاویز کوریئر سروس کے ذریعے ان کی رہائش گاہ پر پہنچائی جائے گی۔
چیف ٹریفک آفیسر نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آن لائن درخواست جمع کرواتے وقت اپنا مکمل نام، درست رہائشی پتہ اور فعال موبائل نمبر لازمی درج کریں تاکہ لائسنس کی ترسیل میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ درخواست میں غلط یا نامکمل پتہ فراہم کرنے کی صورت میں تجدید شدہ یا ڈپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس گھر پہنچنے میں تاخیر ہوسکتی ہے۔











