ضلع اورکزئی میں مختلف بازاروں کی تزئین و آرائش کے لیے 2021 میں 53 کروڑ روپے کے منصوبے کی منظوری دی گئی تھی، جس میں مشتی میلہ بازار کے لیے 5 کروڑ 85 لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے۔ تاہم کئی سال گزرنے کے باوجود مشتی میلہ بازار، فیروز خیل میلہ، انجانی بازار، کلایہ بازار اور علجو میں تزئین و آرائش کا کام تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت دھرنوں اور احتجاج میں مصروف رہی، جبکہ صوبے بھر میں مبینہ کرپشن اور ناقص طرز حکمرانی کے باعث عوام مشکلات کا شکار رہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی سال گزرنے کے باوجود ترقیاتی منصوبوں کا ادھورا رہنا نہ صرف ان کی بروقت تکمیل بلکہ مختص فنڈز کے استعمال پر بھی سوالات اٹھاتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر ان منصوبوں کی تکمیل میں مسلسل تاخیر کی وجوہات کیا ہیں؟










