سپریم کورٹ: غیرقانونی گردہ پیوند کاری کیس میں 2 ملزمان کی ضمانت منظور

پیر 19 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ نے اسلام آباد کے نجی اسپتال میں غیر قانونی گردہ پیوندکاری کے مقدمے میں نامزد ملزمان ڈاکٹر نادر حسین اور سید عدیل حیدر کی ضمانت منظور کرلی۔

جسٹس شہزاد ملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی اور دونوں ملزمان کی 2، 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔

ملزمان کو اسلام آباد کے قائداعظم انٹرنیشنل اسپتال میں غیر قانونی گردہ پیوندکاری کے آپریشن کے دوران موقع سے گرفتار کیا گیا تھا۔

کیس کی تفصیلات کے مطابق متعلقہ حکام نے قائداعظم انٹرنیشنل اسپتال میں چھاپہ مارا تو وہاں وسیم اکرم نامی شخص کے گردے کی غیر قانونی پیوندکاری کا آپریشن جاری تھا، جو گردہ عطیہ کرنے والے شخص کے طور پر موجود تھا۔

کارروائی کے دوران اسپتال کے یورولوجسٹ ڈاکٹر نادر حسین اور گردہ پیوندکاری پروگرام کے کوآرڈینیٹر سید عدیل حیدر کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا۔

ڈاکٹر نادر حسین کے دفتر کی تلاشی کے دوران ایک دراز سے 12 لاکھ 94 ہزار روپے نقد برآمد ہوئے، جو گردے کی پیوندکاری کے آپریشن کے لیے ادا کیے گئے تھے۔

مقدمے میں نامزد ملزمان کے خلاف انسانی اعضا کی پیوندکاری سے متعلق ایچ او ٹی اے ایکٹ 2010 کی دفعات 9، 10 اور 11 جبکہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 109 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مقدمے میں مجموعی طور پر 13 ملزمان نامزد ہیں، جن میں سے 5 گرفتار، 2 ضمانت پر جبکہ 6 ملزمان مفرور ہیں۔

تفتیشی ریکارڈ کے مطابق ملزم ڈاکٹر نادر حسین اب تک 55 سے زائد ایسے افراد کے گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کے آپریشن کر چکے ہیں جن کا گردہ وصول کرنے والوں سے کوئی خاندانی تعلق نہیں تھا۔

تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ گردے عطیہ کرنے والے زیادہ تر افراد کا تعلق اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں سے تھا۔

تفتیش کے مطابق ان مزدوروں کو قرضوں کے بوجھ سے نجات دلانے کا جھانسہ دے کر اپنے گردے فروخت کرنے پر مجبور کیا جاتا تھا۔

حکام کی جانب سے کیس میں نامزد ملزمان، ایجنٹ سلیم خان اور سید عدیل حیدر کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو خطوط بھی ارسال کیے جا چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp