لاہور: گلاب دیوی اسپتال میں ڈاکٹر اور مریض کے لواحقین میں جھگڑے کی وجہ کیا بنی؟

پیر 19 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور کے گلاب دیوی ٹیچنگ اسپتال کے امیرالدین وارڈ میں گزشتہ رات لیڈی ڈاکٹر زہرہ اور مریض ذوالفقار کے لواحقین کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑے اور ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا۔

واقعے کی فوٹیج میں مریض کے لواحقین کو اسپتال کے عملے پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ مریض کے ہمراہ آنے والی خواتین بھی مار پیٹ کرتی نظر آ رہی ہیں۔ اس واقعے کے چند گھنٹے بعد مریض ذوالفقار انتقال کر گیا۔

مریض ذوالفقار لاہور کے علاقے جیا موسیٰ کا رہائشی تھا، جسے پھیپھڑوں کی شدید بیماری کے باعث تقریباً 7 روز قبل اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ مریض کے لواحقین اسے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں منتقل کرنے اور وینٹیلیٹر کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

پولیس اور اسپتال انتظامیہ کے مطابق لیڈی ڈاکٹر زہرہ نے علاج میں خلل سے بچنے کے لیے مریض کی خواتین لواحقین کو وارڈ سے باہر جانے کی ہدایت کی، تاہم ایک خاتون کی جانب سے موبائل فون پر ویڈیو بنانے کے دوران صورتحال کشیدہ ہوگئی اور 3 خواتین نے مبینہ طور پر لیڈی ڈاکٹر کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

دوسری جانب مریض کے لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ پیرامیڈیکل اسٹاف نے ان سے رشوت طلب کی اور جھگڑے کے بعد مریض کے علاج میں رکاوٹ ڈالی گئی، جس کے باعث اس کی حالت مزید بگڑ گئی اور وہ انتقال کر گیا۔

واقعے کے بعد نصیر آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 2 خواتین کو حراست میں لے لیا اور ان کے خلاف دفعہ 107/151 کے تحت انسدادی کارروائی کرتے ہوئے انہیں عدالت میں پیش کر دیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہاکہ اسپتال میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے بروقت کارروائی کی گئی اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دوسری جانب مریض کے لواحقین نے لیڈی ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے پولیس کو درخواست دے دی ہے، جبکہ اسپتال انتظامیہ اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے علاج میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مریض کا علاج جان بوجھ کر نہیں روکا گیا۔

ترجمان گلاب دیوی اسپتال کے مطابق مریض کو علاج معالجے کی تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئی تھیں، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp