خفیہ کیمروں والی عینک، قلم اور گھڑیوں پر بھی پابندی، پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ

پیر 19 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب حکومت نے شہریوں کی نجی زندگی اور ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے جاسوسی میں استعمال ہونے والے آلات پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت خفیہ کیمروں اور ریکارڈنگ آلات سے لیس عینکوں، قلم، گھڑیوں اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز کے استعمال اور خرید و فروخت کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومت نے یہ اہم فیصلہ شہریوں کی نجی زندگی اور ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے کیا ہے، جبکہ اس اقدام کا ایک بنیادی مقصد بالخصوص خواتین اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانا بھی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ جاسوسی کے آلات اور خفیہ الیکٹرانک ڈیوائسز کے ذریعے شہریوں کی غیر قانونی نگرانی، ہراسانی اور بلیک میلنگ کی شکایات سامنے آئی ہیں، جن کے پیش نظر حکومت نے ایسے آلات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق خفیہ کیمروں اور ریکارڈنگ کی سہولت سے لیس روزمرہ استعمال کی اشیا، جن میں عینکیں، قلم، گھڑیاں اور دیگر آلات شامل ہیں، کے غیر قانونی استعمال پر سخت سزائیں دی جائیں گی۔

ترجمان نے واضح کیاکہ جاسوسی کے آلات اور خفیہ الیکٹرانک ڈیوائسز کے استعمال کے ساتھ ساتھ ان کی خرید و فروخت کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت شہریوں کے بنیادی حقوق، نجی معلومات اور ذاتی زندگی کے تحفظ کے لیے متحرک ہے اور اس سلسلے میں ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp