وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی کے عالمی دن پر مرض سے بچاؤ، آگاہی اور بروقت تشخیص کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بریسٹ کینسر قابل علاج مرض ہے اور بروقت تشخیص سے علاج کے بہتر نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا نواز شریف کینسر ہسپتال بنایا جا رہا ہے، جہاں ہر مرحلے کے بریسٹ کینسر سمیت مختلف اقسام کے کینسر کا علاج کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: نواز شریف کینسر اسپتال مکمل کرلیا گیا، علاج کو نئی سمت فراہم
وزیراعلیٰ نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ کینسر کے خلاف آگاہی، احتیاط اور بروقت طبی معائنہ زندگی بچانے کے لیے نہایت ضروری ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر میں ہر قسم کے کینسر کا علاج یقینی بنایا جائے گا۔ ہسپتال میں کینسر کی بروقت تشخیص اور علاج کے لیے جدید مشینری اور ادویات فراہم کی جائیں گی، جبکہ کینسر پر تحقیق کے لیے جدید لیبارٹری بھی قائم کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کینسر کے مریضوں کو علاج کے دوران نفسیاتی اور جذباتی معاونت فراہم کرنے کے لیے ہسپتال میں شعبہ نفسیاتی امراض بھی قائم کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بریسٹ کینسر کے مریضوں کا مستند ڈیٹا علاج کی سہولیات مزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص کے لیے پنجاب بھر میں لیڈی ہیلتھ انسپکٹرز ڈیٹا جمع کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کینسر اسپتال سے پورا پاکستان مستفید ہوگا، وزیر اطلاعات پنجاب
مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب کینسر کے مریضوں کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کر رہی ہے اور خواتین کو کینسر کی تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ کینسر سے بچاؤ کے لیے جسم میں ہونے والی غیر معمولی تبدیلیوں کو نظر انداز نہ کریں اور بروقت طبی معائنہ کروائیں۔ بریسٹ کینسر سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور بروقت تشخیص کی ترغیب دینا مشترکہ سماجی ذمہ داری ہے۔











