مویشیوں کی ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری، وزیراعظم شہباز شریف نے اہم ہدایات جاری کردیں

پیر 19 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ملک میں لائیو اسٹاک کے شعبے کی ترقی، دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانے اور برآمدات میں اضافے کے لیے لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو کی ہدایت کرتے ہوئے مویشیوں کے لیے جدید اور مؤثر ویکسین کی تیاری کا قومی سطح کا پلانٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت لائیو اسٹاک کے شعبے میں جاری اصلاحات سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں شعبے کی ترقی اور اس سے منسلک برآمدات بڑھانے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ میں نجی شعبے کے ماہرین کو شامل کرکے اسے ایک مؤثر اور فعال ادارے میں تبدیل کیا جائے اور بورڈ کی تنظیم نو کا جامع منصوبہ جلد از جلد پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ 2007 میں پاکستان میں مویشیوں کی افزائش، دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے اور لائیو اسٹاک کے شعبے کی ترقی کے لیے قائم کیا گیا تھا۔

وزیراعظم نے کہاکہ لائیو اسٹاک کے شعبے کی ترقی کے لیے نجی شعبے کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ملک میں مویشیوں کی افزائش اور دودھ و گوشت کی پیداوار میں اضافے کے ساتھ برآمدات کو بھی فروغ دیا جا سکے۔

مویشیوں کی ویکسین کی تیاری کے لیے قومی سطح کا پلانٹ قائم ہوگا، وزیراعظم کا اعلان

اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ وفاقی حکومت اپنے وسائل سے مویشیوں کے لیے جدید اور مؤثر ویکسین کی تیاری کا قومی سطح کا پلانٹ قائم کرے گی۔

انہوں نے نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر میں مویشیوں کی ویکسین تیار کرنے کا پلانٹ قائم کرنے کے حوالے سے جامع حکمت عملی ایک ہفتے کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں اس وقت مویشیوں کے لیے دستیاب ویکسین ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) سے منظور شدہ نہیں ہیں، جس کے پیش نظر ملک میں مویشیوں کے لیے پیوریفائڈ یعنی خالص اور صاف شدہ ویکسین کی تیاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

درآمدی مویشیوں سے دودھ اور گوشت کی مصنوعات برآمد کرنے کی ہدایت

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ لائیو اسٹاک کے لیے قائم کیے جانے والے خصوصی بونڈڈ ویئر ہاؤسز میں لائے گئے درآمدی مویشیوں کو ویلیو ایڈیشن کے عمل سے گزارا جائے تاکہ ان سے تیار ہونے والی گوشت اور دودھ کی مصنوعات عالمی منڈیوں میں برآمد کی جا سکیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ درآمد کیے جانے والے مویشیوں کے لیے خصوصی بونڈڈ ویئر ہاؤسز کے قیام کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

حکام نے وزیراعظم کو آگاہ کیاکہ لائیو اسٹاک کے شعبے میں اصلاحات اور اس سے منسلک برآمدات بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں، جبکہ ملک بھر میں مذبح خانوں کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا عمل بھی شروع کیا جا چکا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد چیمہ، جام کمال خان، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp