ٹیکنالوجی کے ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے سال امریکا کے ہر بچے کو اپنی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کا ایک شیئر دیں گے۔
ایلون مسک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ اگلے سال امریکا کے ہر بچے کو اسپیس ایکس کا ایک شیئر دیں گے۔ انہوں نے اسے کئی اقدامات میں سے پہلا اقدام قرار دیا، تاہم اس منصوبے پر عمل درآمد کے طریقہ کار کی تفصیلات نہیں بتائیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک کی ٹیکنالوجی پھر میدان میں، لیکن ڈونلڈ ٹرمپ سے قربت سوشل میڈیا پر زیر بحث
امریکی مردم شماری بیورو کے 2024 کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں 18 سال سے کم عمر بچوں کی تعداد تقریباً 7 کروڑ 30 لاکھ ہے۔ فوربز کے مطابق ایلون مسک اسپیس ایکس کے 38 فیصد حصص کے مالک ہیں۔
Next year, I will give one of my SpaceX shares to every kid in America.
This will be the first of many.
— Elon Musk (@elonmusk) October 19, 2026
ایلون مسک کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ وعدہ کیا تھا کہ اگر نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں ان کی ریپبلکن پارٹی کانگریس پر اپنا کنٹرول برقرار رکھتی ہے تو ہر امریکی بالغ شہری کو 5 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اب گاڑیاں فضا میں اڑیں گی؟ ایلون مسک کی ٹیسلا نے دنیا کو حیران کردیا
اسپیس ایکس نے جون میں تاریخ کی سب سے بڑی ابتدائی عوامی پیش کش کے ذریعے 85 ارب 70 کروڑ ڈالر جمع کیے تھے۔
کمپنی کے اسٹار شپ میگا راکٹ نے ستمبر میں پہلی بار زمین کے مدار تک پہنچنے کا سنگ میل بھی عبور کیا تھا۔ یہ راکٹ ایلون مسک کے مریخ پر جانے کے منصوبے میں مرکزی اہمیت رکھتا ہے۔











