خیبرپختونخوا: ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ میں 5 سیکریٹریز کی تعیناتیاں، نیا گورننس ماڈل تیار

پیر 19 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد دہشتگردی سے متاثرہ 12 اضلاع کے لیے قائم کیے گئے ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ میں 5 سیکریٹریز کی نئی اسامیاں تخلیق کردی گئی ہیں، جبکہ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ان اسامیوں پر تعیناتیاں بھی عمل میں لائی جا چکی ہیں۔ گورننس کے نئے ماڈل کے تحت دہشتگردی سے متاثرہ اضلاع میں امن و امان اور سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ معاشی و سماجی ترقی کے لیے 100 اور 180 روزہ خصوصی منصوبے بھی مرتب کیے جائیں گے۔

وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں ترقیاتی اور انتظامی امور چلانے کے لیے قائم ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ کے تنظیمی ڈھانچے کو حتمی شکل دے دی ہے۔

مجوزہ ڈھانچے کے تحت سیکریٹریٹ کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکریٹری کریں گے، جبکہ مختلف شعبوں کے لیے 5 سیکریٹریز تعینات کیے گئے ہیں۔ ان اضلاع میں ترقیاتی اور انتظامی اقدامات کے لیے ابتدائی طور پر 100 اور 180 روزہ منصوبے بھی تیار کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ کا انتظامی ڈھانچہ سابق فاٹا سیکریٹریٹ کی طرز پر تشکیل دیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف محکموں کے ڈائریکٹرز اور دیگر افسران کی تعیناتیوں پر بھی کام جاری ہے۔ مجوزہ انتظامی ڈھانچے کے تحت تعلیم اور صحت کے شعبوں کے لیے الگ الگ ڈائریکٹرز تعینات کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق، سیکریٹریٹ کونسل کی وزیراعظم سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں 200 سے زیادہ ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا جائے گا۔ تاہم، ان منصوبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی اور ان کے استعمال کا طریقہ کار ابھی مکمل طور پر طے نہیں ہوسکا، جس کے باعث سیکریٹریٹ کے انتظامی اور مالی معاملات کو حتمی شکل دینے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔

مجوزہ منصوبے کے مطابق ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ کو سابق فاٹا سیکریٹریٹ کی عمارت میں ایک الگ ونگ کے طور پر قائم کیا جائے گا، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان اور ضلع مہمند میں اس کے 2 ذیلی دفاتر بھی قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ مختلف محکموں کے ملازمین کی تعیناتیوں کا عمل بھی جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق، یحییٰ اخونزادہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیں گے، جبکہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے عابد وزیر کو سیکریٹری اقتصادی ترقی، صوبائی مینجمنٹ سروس کے ڈاکٹر قاسم کو سیکریٹری سماجی خدمات، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے عارف اللہ اعوان کو سیکریٹری منصوبہ بندی و خزانہ، عدنان بیٹنی کو سیکریٹری انتظامیہ و گورننس اور صوبائی مینجمنٹ سروس کے عبدالناصر کو سیکریٹری سیکیورٹی تعینات کردیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp