پنجاب کے ضلع راجن پور کی تحصیل روجھان میں انڈس ہائی وے پر مسافر بس سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 44 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق مسافر بس تیز رفتاری سے جا رہی تھی کہ اچانک سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار متعدد مسافر زخمی ہوئے، جبکہ 10 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان: داناسر میں المناک ٹریفک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق
ریسکیو 1122 کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 7 مرد، دو خواتین اور ایک بچی شامل ہیں، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق راجن پور، جام پور اور روجھان سے 10 ایمبولینسز اور 2 ریسکیو گاڑیاں روانہ کی گئیں، جبکہ امدادی کارروائیوں میں 35 اہلکاروں نے حصہ لیا۔
🚨 BREAKING 🚨
– 10 Killed, 32 Injured as Passenger Bus Crashes into Under-Construction Road Divider on Indus Highway near Sitara Pump in Rojhan, Rajanpur. pic.twitter.com/yoBwbQWgrc
— KZ Update (@kzupdate_77) October 21, 2026
حکام کے مطابق 44 زخمیوں میں سے 38 کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال راجن پور میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ تشویش ناک حالت میں زخمی ہونے والے 4 افراد کو ڈیرہ غازی خان منتقل کردیا گیا، مزید 2 شدید زخمیوں کو رحیم یار خان کے شیخ زاید اسپتال بھیجا گیا ہے۔
حادثے کے بعد ڈپٹی کمشنر راجن پور عمران رانجھا، ضلعی پولیس افسر اور اسسٹنٹ کمشنر بھی جائے وقوعہ پر پہنچے، جہاں انہوں نے صورت حال کا جائزہ لیا اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔
ڈپٹی کمشنر عمران رنجھا کے مطابق حادثے کے بعد موقع سے فرار ہونے والے بس ڈرائیور اور بس مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: بھارہ کہو ٹریفک حادثہ: 4 افراد کی جان لینے والا ملزم گرفتار
واضح رہے کہ پنجاب میں ٹریفک حادثات کے باعث جانی نقصان کے واقعات مسلسل تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔
پیر کے روز ملتان کی بوسن روڈ پر بھی تیز رفتار ٹویوٹا کرولا گاڑی سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد قریبی پلاٹ کی دیوار سے جا لگی اور اس میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 20 سال کی عمر کے 5 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے اعدادوشمار کے مطابق پنجاب بھر میں روزانہ اوسطاً تقریباً 1,352 ٹریفک حادثات پیش آتے ہیں، جن میں اوسطاً 14 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔










