ڈبل سینچری کی کوئی اہمیت نہیں، میچ نہیں جیت سکے، ہیری بروک

جمعہ 23 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے کہا ہے کہ ڈبل سینچری بنانے کے باوجود میچ نہ جیتنے کی خوشی نہیں، میرے لیے اس انفرادی کارکردگی کی کوئی اہمیت نہیں کیونکہ ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جمعرات کو راولپنڈی میں سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے 430 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کرکے انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی۔ یہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں کامیابی سے حاصل کیا جانے والا دوسرا بڑا ہدف ہے۔

مزید پڑھیں:سہ ملکی ون ڈے سیریز، انگلینڈ کی ٹیم 429 رنز کا دفاع نہ کرسکی، سری لنکا کی 2 وکٹوں سے کامیابی

انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے۔ کپتان ہیری بروک نے 114 گیندوں پر 202 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ وہ ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین ڈبل سینچری بنانے والے بلے باز بن گئے۔ ول جیکس 30 گیندوں پر 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جب کہ جو روٹ نے 69 اور ٹام بینٹن نے 50 رنز بنائے۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں ہیری بروک نے کہا کہ وہ ہمیشہ میچ جتوانے والی اننگز کھیلنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کے بقول، ڈبل سینچری بنانے کے باوجود میچ نہ جیتنے پر خوشی نہیں ہوئی۔ انہوں نے سری لنکن ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حریف کھلاڑیوں نے شاندار کرکٹ کھیلی، باؤنڈریز بھی لگائیں اور سنگلز لے کر اسکور بورڈ کو متحرک رکھا۔

انگلش کپتان نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں قریباً 900 رنز بنے۔ انہوں نے اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے شائقین کی موجودگی کا بھی ذکر کیا۔

دوسری جانب 430 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز اچھا نہیں تھا اور ٹیم نے صرف 24 رنز پر ابتدائی 2 وکٹیں گنوا دیں۔ تاہم پون رتنائیکے اور اویشکا فرنینڈو نے تیسری وکٹ کے لیے 166 رنز کی شراکت قائم کرکے میچ کا نقشہ بدل دیا۔ فرنینڈو 83 گیندوں پر 97 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جب کہ رتنائیکے نے 106 گیندوں پر 130 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 15 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

رتنائیکے کے آؤٹ ہونے کے بعد داسن شناکا نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور صرف 50 گیندوں پر 97 رنز بنا کر ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچا دیا۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ شناکا کے آؤٹ ہونے کے بعد جنتھ لیاناگے نے ذمہ داری سنبھالی اور 27 گیندوں پر ناقابل شکست 61 رنز بنا کر آخری اوور میں چھکا لگا کر سری لنکا کو فتح دلا دی۔

مزید پڑھیں:سہ فریقی ایک روزہ سیریز: سری لنکا کی انگلینڈ کے خلاف شاندار فتح، کونسے ریکارڈ ٹوٹے؟

انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے 79 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ سیم کرن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس مقابلے میں انگلینڈ کا 429 رنز کا مجموعہ بھی ایک ریکارڈ ثابت ہوا۔ پاکستان میں کسی ٹیم کا ون ڈے کرکٹ میں یہ سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے 2015 میں زمبابوے کے خلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 375 رنز بنائے تھے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی پہلی مرتبہ ون ڈے میچ میں 400 رنز کا ہندسہ عبور ہوا۔

یوں ہیری بروک کی ریکارڈ ساز ڈبل سینچری بھی انگلینڈ کو شکست سے نہ بچا سکی اور سری لنکا نے غیر معمولی تعاقب کرتے ہوئے یادگار فتح اپنے نام کرلی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp