نیتن یاہو کا ایران میں حکومت گرانے کا اعلان، کیا اسرائیل یہ ہدف حاصل کرسکتا ہے؟

جمعہ 23 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایران کی حکومت کا تختہ الٹنے کو اسرائیل کا بنیادی ہدف قرار دیتے ہوئے فوج اور خفیہ اداروں کو اس مقصد کے لیے کام کرنے کی ہدایت کی ہے، تاہم ماہرین کے مطابق فضائی حملوں سے ایران کی حکومت گرانا آسان نہیں ہوگا۔

الجزیرہ کے مطابق نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران کی حکومت کا خاتمہ ہی اسرائیل کو درپیش خطرے کو مستقل طور پر ختم کرنے کا راستہ ہے۔ انہوں نے اسرائیلی فوج، خفیہ ایجنسی موساد اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو اس سلسلے میں ہدایات دینے کا دعویٰ کیا۔

مزید پڑھیں:’غیر ملکی سیاست دان فرانس کے حالات پر سیاست کر رہے ہیں‘ ٹرمپ، نیتن یاہو سمیت دیگر کو میکرون کا کرارا جواب

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیل میں 27 اکتوبر کو انتخابات ہونے والے ہیں اور نیتن یاہو کو انتخابی حمایت میں کمی کا سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے پاس ایران کے فوجی اہداف کو شدید نقصان پہنچانے کی صلاحیت موجود ہے، لیکن فوجی کارروائیوں کو حکومت کی تبدیلی میں بدلنے کے لیے کوئی واضح حکمت عملی سامنے نہیں آئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ فضائی حملے ایران کی فوجی صلاحیتوں کو کمزور تو کرسکتے ہیں، لیکن ان سے حکومت کا خاتمہ یقینی نہیں بنایا جاسکتا۔ اس مقصد کے لیے طویل زمینی فوجی کارروائی درکار ہوسکتی ہے، جس کے لیے بڑے پیمانے پر وسائل اور طویل المدتی عسکری موجودگی ضروری ہوگی۔

برطانیہ کے رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ سے وابستہ ماہرین کے مطابق اسرائیل فضائی برتری حاصل کرکے ایرانی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، تاہم ایران کے پاس اب بھی میزائلوں اور دیگر ہتھیاروں کے ذریعے جوابی کارروائی کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ ایران کے جنوبی پہاڑی علاقوں میں محفوظ تنصیبات اور زیرزمین نظام کو تباہ کرنا بھی ایک بڑا چیلنج ہوسکتا ہے۔

مزید پڑھیں:اقوام متحدہ میں بولے گئے جھوٹ نیتن یاہو کے جنگی جرائم نہیں چھپا سکتے، نیویارک میئر ظہران ممدانی

رپورٹ میں امریکا کی ممکنہ شمولیت کو بھی اہم قرار دیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق واشنگٹن کی حمایت کے بغیر اسرائیل کے لیے زیرزمین انتہائی محفوظ جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا زیادہ مشکل ہوگا۔ دوسری جانب امریکی حکومت کی جانب سے ایران کے خلاف نئی بڑی فوجی کارروائی میں شمولیت کے بارے میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔

الجزیرہ کے مطابق ماہرین کا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ کسی ملک کی فوجی تنصیبات کو تباہ کرنا اور اس کی حکومت کا تختہ الٹنا 2 مختلف اہداف ہیں۔ ایران کے خلاف مزید حملے اسرائیل کو فوجی کامیابیاں تو دلا سکتے ہیں، لیکن ان کامیابیوں کو سیاسی تبدیلی میں بدلنے کے لیے درکار حکمت عملی، زمینی کارروائی اور طویل المدتی وسائل ایک بڑا سوال ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp