لاہور کے علاقے مزنگ لنک روڈ پر اسکوٹی سوار لڑکی کو راستے میں روک کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے والے موٹرسائیکل سوار ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں ملزم کو لڑکی پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق موٹرسائیکل سوار نے اسکوٹی پر جانے والی لڑکی کو اوورٹیک کرکے راستے میں روکا اور موٹرسائیکل سے اترتے ہی اسے پکڑ کر زمین پر پٹخ دیا۔ ملزم نے لڑکی کو تھپڑ مارے، اس کے بال کھینچے اور گالم گلوچ کرتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنایا۔
لاہور، مزنگ
موٹرسائیکل سوار ملزم نے سکوٹی پر سوار لڑکی کو روکا، نیچے گرایا، تشدد کیا اور فرار ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا pic.twitter.com/86woJIAHdY— Muhammad Umair (@MohUmair87) October 22, 2026
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکی کے زمین پر گرنے کے باوجود ملزم اس پر تشدد کرتا رہا۔ واقعے کے دوران شور سن کر شہری موقع پر جمع ہوگئے اور مداخلت کرکے لڑکی کو ملزم کے چنگل سے چھڑایا۔
تشدد کے نتیجے میں لڑکی کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی جبکہ چہرے پر بھی زخم آئے۔ واقعے کے بعد ملزم اپنی موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایمبولینس میں گانا چلانے کی فرمائش نوجوان کو مہنگی پڑگئی، ڈرائیور نے تشدد کرکے مریض بھی اتار دیا
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی مزنگ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ لڑکی کے والد کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔











