جرمن کار ساز کمپنی آؤڈی نے اپنی نئی ایس یو وی کیو 9 میں دنیا کی پہلی خم دار ڈیجیٹل او ایل ای ڈی ٹیل لائٹس متعارف کرانے کا دعویٰ کیا ہے، جن میں صرف 0.1 ملی میٹر موٹا شیشہ استعمال کیا گیا ہے۔ یہ شیشہ انسانی بال جتنا باریک ہے، جس کی بدولت لائٹس کو گاڑی کی ساخت کے مطابق تین جہتوں میں خم دیا جاسکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ اس کی ڈیجیٹل او ایل ای ڈی پچھلی لائٹس کی تیسری نسل ہے۔ ان کی خاص بات یہ ہے کہ گاڑی کے پیچھے اور اطراف سے بھی لائٹس زیادہ واضح دکھائی دیتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جرمن کارساز کمپنی پورشے کا مزید 5 ہزار ملازمین فارغ کرنے کا اعلان
آؤڈی کیو 9 کی پچھلی لائٹس میں 6 پینلز نصب ہیں، جن میں مجموعی طور پر 512 انفرادی حصے شامل ہیں۔ بیرونی خم دار پینل میں 99 حصے ہیں، جو کمپنی کی جانب سے اب تک نصب کیا جانے والا سب سے بڑا پینل ہے، جبکہ درمیانی پینل میں 84 اور اندرونی پینل میں 73 حصے موجود ہیں۔
گاڑی کے نظام کے ذریعے ڈرائیور 8 مختلف لائٹ ڈیزائن منتخب کرسکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق پہلی مرتبہ ان میں سے بعض ڈیزائن جزوی طور پر روشن ہونے کی سہولت بھی رکھتے ہیں، جس سے رات کے وقت لائٹس ایک منفرد انداز میں دکھائی دیتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جیگوار لینڈ روور نے 4 ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا
نئی ٹیل لائٹس میں حفاظتی انتباہ کا نظام بھی شامل کیا گیا ہے۔ اگر گاڑی کو کسی خطرے کا احساس ہو یا ڈرائیور ہیزرڈ لائٹس آن کرے تو پچھلی لائٹس کے مختلف حصے مل کر تکون کی شکل اختیار کرلیتے ہیں، جس سے پیچھے آنے والی گاڑیوں کو خطرے سے آگاہ کیا جاسکتا ہے۔
آؤڈی نے کیو 9 کا اعلان رواں سال جولائی میں کیا تھا۔ امریکا میں اس گاڑی کی ابتدائی قیمت 87 ہزار 700 ڈالر مقرر کی گئی ہے، جبکہ خم دار او ایل ای ڈی ٹیل لائٹس پریسٹیج ٹرم میں معیاری سہولت کے طور پر دستیاب ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: آؤڈی نے سنگل سیٹر ریسنگ کار متعارف کرادی، چیمپیئن شپ جیتنے کا بھی عزم
کمپنی کے مطابق آؤڈی کیو 9 اور ایس کیو 9 رواں سال کی آخری سہ ماہی میں امریکی ڈیلرشپس پر دستیاب ہوں گی۔











