جرمن کارساز کمپنی پورشے کا مزید 5 ہزار ملازمین فارغ کرنے کا اعلان

پیر 27 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جرمن لگژری گاڑیاں بنانے والی کمپنی پورشے نے 2035 تک مزید 5 ہزار ملازمین کی ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: 90 سالہ جرمن کار ساز ادارہ مشکل میں، ووکس ویگن کو ایک لاکھ ملازمتیں کم کرنے کا سامنا

کمپنی کے مطابق یہ فیصلہ انتظامیہ اور مزدور نمائندوں کے درمیان تنظیم نو (ری اسٹرکچرنگ) کے دوسرے مرحلے پر اتفاق کے بعد کیا گیا۔

پورشے، جو ووکس ویگن گروپ کی ذیلی کمپنی ہے، ماضی میں گروپ کے لیے منافع کا اہم ذریعہ سمجھی جاتی تھی تاہم حالیہ برسوں میں اسے بڑھتے ہوئے اخراجات، سخت عالمی مسابقت اور تجارتی محصولات (ٹیرف) کے مسائل کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ووکس ویگن گروپ بھی مجموعی طور پر بڑے پیمانے پر اخراجات میں کمی اور ملازمتوں میں کٹوتی کی تجاویز پر غور کر رہا ہے۔

یہ نئی کٹوتیاں اس سے پہلے کیے گئے اقدامات کے علاوہ ہوں گی۔ کمپنی نے رواں سال نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر مائیکل لیٹرز کی قیادت میں پہلے ہی 3 ہزار 900 ملازمتیں ختم کرنے اور مزید 500 ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیے: ووکس ویگن کا 90 سالہ تاریخ کا بڑا فیصلہ: گاڑیوں کے ماڈلز آدھے، پیداوار میں لاکھوں یونٹس کی کمی

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی ملازمتوں میں کمی کا عمل سماجی طور پر ذمہ دارانہ انداز میں مکمل کیا جائے گا تاکہ متاثرہ ملازمین کے حقوق اور مفادات کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

معاہدے کے تحت کمپنی نے اپنے پیداواری مراکز کے تحفظ کی ضمانت میں بھی پانچ سال کی توسیع کر دی ہے، جس کے بعد جرمنی میں موجود اس کے اہم کارخانوں کی موجودہ حیثیت 2035 تک برقرار رہے گی۔

بیان کے مطابق پورشے جرمنی کے زوفن ہاؤزن اور ویساخ میں واقع اپنے کارخانوں پر تقریباً 2.1 ارب یورو (تقریباً 2.39 ارب امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری بھی کرے گی تاکہ پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جا سکے۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ کی نئی آٹو ٹیرف دھمکی، یورپی گاڑیوں کے حصص گرگئے

تجزیہ کاروں کے مطابق پورشے کی جانب سے ملازمتوں میں مزید کمی اور سرمایہ کاری کے اس منصوبے کا مقصد کمپنی کو بدلتے ہوئے عالمی آٹو موبائل مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور مستقبل میں مسابقتی صلاحیت برقرار رکھنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp