آزاد کشمیر کا 79واں یومِ تاسیس، صدر اور وزیراعظم کے خصوصی پیغامات

ہفتہ 24 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کا 79واں یومِ تاسیس آج 24 اکتوبر کو منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان اور وزیراعظم افتخار گیلانی نے اپنے خصوصی پیغامات میں اسلاف کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے تحریکِ آزادی کشمیر جاری رکھنے، مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 24 اکتوبر ہماری تاریخ میں محض ایک یادگار دن نہیں بلکہ قربانی، عزم، حوصلے اور آزادی کے لیے اسلاف کی بے مثال جدوجہد کی روشن علامت ہے۔ اس روز 1947ء میں آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر کا قیام ان عظیم قربانیوں کا ثمر تھا جو آباؤ اجداد نے آزادی، عزتِ نفس اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے پیش کیں۔ انہوں نے شہداء، مجاہدینِ آزادی اور بانیانِ آزاد کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر آزادی کی شمع روشن کی۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ یومِ تاسیس ہمیں یاد دلاتا ہے کہ تحریکِ آزادی کا بنیادی مقصد ابھی مکمل نہیں ہوا۔ آزاد جموں و کشمیر تحریکِ آزادی کشمیر کی ایک عظیم امانت ہے اور اس کا تقاضا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والے بھائیوں اور بہنوں کو فراموش نہ کیا جائے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی استقامت، حوصلے اور قربانیوں کو سلام پیش کیا۔

ڈاکٹر محمد نجیب خان نے عالمی برادری، بالخصوص اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دلانے میں مؤثر کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کا راستہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہو کر گزرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کے نو منتخب صدر ڈاکٹر نجیب نقی کون ہیں؟

صدر آزاد کشمیر نے قومی اتحاد، آئین و قانون کی بالادستی، مضبوط اداروں اور عوامی خدمت کو مستحکم اور خوشحال معاشرے کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہداء کے خوابوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا، آزادی کی قدر کی جائے گی، عوام کے حقوق کا تحفظ ہوگا اور آنے والی نسلوں کے لیے بہتر، محفوظ اور خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کے جائز اور مسلمہ حقِ خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 24 اکتوبر اسلاف کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کی بنیاد تحریکِ آزادی کشمیر ہے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کے جبر و استبداد میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

افتخار گیلانی نے کہا کہ پاکستان کے تعاون سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ریاست جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ ہوگی۔

19 جولائی 1947ء کی قراردادِ الحاقِ پاکستان نے کشمیری عوام کے سیاسی مؤقف کو واضح سمت دی، جبکہ ڈوگرہ راج کے خلاف مزاحمت اور کشمیری عوام کی جدوجہد نے تحریکِ آزادی کو فیصلہ کن مرحلے میں داخل کیا۔ 24 اکتوبر 1947ء کو سردار محمد ابراہیم خان کی سربراہی میں آزاد جموں و کشمیر کی عارضی حکومت قائم ہوئی، جو تحریکِ آزادی کے لیے ایک منظم سیاسی اور انتظامی مرکز کی اہم پیشرفت تھی۔

یومِ تاسیس کشمیری عوام کی تاریخی جدوجہد، بے شمار قربانیوں اور آزادی کے پختہ عزم کی یاد دلاتا ہے۔ اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور مسئلے کے منصفانہ حل کے لیے عالمی توجہ کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں، وزیراعظم شہباز شریف

صدر آصف زرداری کا اقوامِ متحدہ سے مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے فعال کردار ادا کرنے کا مطالبہ

نماز کی پابندی نے ہمایوں سعید کی زندگی کیسے بدل دی؟ اداکار کا بڑا انکشاف

انگلش کپتان ہیری کین فٹ بال کے بہترین کھلاڑی قرار، بیلن ڈی اور اپنے نام کرلیا

پنجاب میں جنگلی حیات کے تحفظ کے مثبت نتائج، اڑیال کی آبادی مستحکم ہونے لگی

ویڈیو

5 باہمت بہنوں نے روایتی ذائقوں کو روزگار کا ذریعہ بنا لیا، کوئٹہ کے رامین ریسٹورنٹ کی منفرد کہانی

نہ چار دیواری، نہ سیکیورٹی، پنو عاقل کے 105 سال پرانے تھانے میں قانون کے محافظ کیسے کام کرتے ہیں؟

پشاور میں زیر زمین پانی کی سطح خطرناک حد تک کم، 2050 تک شدید بحران کا خدشہ

کالم / تجزیہ

27 اکتوبر، یوم سیاہ: بین الاقوامی قانون کیا کہتا ہے؟

تحریک انصاف : رُل تے گئے آں پر چس بڑی آئی اے

درختوں پر جھولے اچھے لگتے ہیں، لاشیں نہیں