نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترکیہ کے شہر استنبول میں چھٹے آر 4 وزرائے خارجہ اجلاس اور آر فور ممالک کے وزرائے خارجہ کی برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اٹلی کے وزرائے خارجہ کے ساتھ پہلی ملاقات میں شرکت کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، خلیجی خطے میں کشیدگی اور علاقائی امن و استحکام کے امور زیرِ بحث آئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار نے اجلاس میں پاکستان کے سفارتی اور ثالثی کردار پر روشنی ڈالی اور کشیدگی میں کمی، دوبارہ محاذ آرائی روکنے اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور ترکیہ معاشی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار
اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ نے اس فارمیٹ کے تحت رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
Highlights from Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar’s @MIshaqDar50 visit to Istanbul, Türkiye, for the 6th R4 Foreign Ministers’ Meeting and the first engagement of R4 with the Foreign Ministers of the United Kingdom, France, Germany and Italy.
DPM… pic.twitter.com/GoJdKir2D8
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) October 24, 2026
آر 4 اجلاس میں پاکستان، ترکیہ، مصر اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے خطے کی تازہ صورتحال، مشرقِ وسطیٰ کے سکیورٹی چیلنجز اور علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ شرکا نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے حوثی حملوں کی مذمت کی۔
اجلاس میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی، آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی سلامتی اور عالمی تجارتی راستوں کے تحفظ پر بھی زور دیا گیا، وزرائے خارجہ نے تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے محفوظ اور بلا رکاوٹ بحری آمدورفت کی بحالی کی حمایت کی۔
شرکا نے غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فلسطین میں 2 ریاستی حل، فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی پر بھی زور دیا۔
مزید پڑھیں: قاہرہ میں مصر، ترکیہ اور سعودی وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں، اسحاق ڈار کی سفارتی عشائیہ میں شرکت
دورے کے دوران اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان، مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔ ان ملاقاتوں میں باہمی تعلقات، دفاعی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے جرمنی کے وزیر خارجہ یوہان واڈے فُل سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جرمنی کے تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر سفارتی رابطوں اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔








