پاکستان کی پریمیئم موٹر سائیکل مارکیٹ میں ایک بڑا بریک تھرو ہونے جا رہا ہے۔ ‘براق آٹوموبائل’ نے اٹلی اور چین کے زیادہ سی سی (ہائی ڈس پلیسمنٹ) والے موٹر سائیکلوں کے لیے مقامی سطح پر اسمبلی پلانٹ قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس سے مقامی خریداروں کو یہ بائیکس لاکھوں روپے سستی مل سکیں گی۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مبین احمد نے بتایا کہ پلانٹ رواں برس دسمبر تک تیار ہو جائے گا، جبکہ باقاعدہ پیداوار کا آغاز جنوری 2027 میں متوقع ہے۔ براق آٹوموبائل اس وقت معروف عالمی برانڈز جیسے کہ بینلی، موٹو مورینی اور کیو جے موٹر کی بائیکس درآمد اور فروخت کر رہی ہے۔
پہلے مرحلے کی شروعات اور قیمتوں میں 23 فیصد تک کی رعایت
منصوبے کے پہلے مرحلے میں اطالوی برانڈ ‘موٹو مورینی’ کی ‘آل ٹریک 450’ (Alltrhike 450) ایڈونچر بائیک تیار کی جائے گی، جس کے بعد 300cc ماڈل کی اسمبلنگ شروع ہوگی۔ کمپنی ایک اور بین الاقوامی برانڈ کو بھی مقامی سطح پر اسمبل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جس کا نام فی الحال خفیہ رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے الیکٹرک بائیک یا اسکوٹر خریدیں، ایک لاکھ روپے حاصل کریں
مقامی سطح پر پارٹس جوڑنے (اسمبلنگ) سے درآمدی ڈیوٹی میں کمی آئے گی جس کا براہِ راست فائدہ صارفین کو ہوگا۔ سی ای او مبین احمد نے ‘آل ٹریک 450’ کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ فی الوقت مکمل تیار شدہ (CBU) حالت میں اس بائیک کی قیمت 26 لاکھ روپے ہے، جو مقامی اسمبلنگ کے بعد تخمیناً 19.95 لاکھ روپے تک آسکتی ہے یعنی قیمت میں تقریباً 23 فیصد کی بڑی کمی ہوگی۔
مقبل کی آٹو پالیسی اور الیکٹرانک فیول انجیکشن ٹیکنالوجی
مبین احمد کے مطابق اگر حکومت نے تجویز کردہ نئی آٹو پالیسی کی منظوری دے دی، جس کے تحت ‘سی کے ڈی’ موٹر سائیکل کٹس پر ڈیوٹی مزید کم کی جائے گی، تو قیمتیں مزید نیچے آسکتی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کی طرف سے ملنے والا کوئی بھی اضافی مالیاتی ریلیف سیدھا خریداروں تک پہنچایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے ایئرلنک کا لاہور میں الیکٹرک بائیکس اسمبلی پلانٹ قائم کرنے کا اعلان
اس کے علاوہ، براق آٹوموبائل پاکستان میں ‘الیکٹرانک فیول انجیکشن’ سے لیس موٹر سائیکلیں بھی مقامی طور پر متعارف کروانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اگرچہ پاکستان میں فی الحال EFI سسٹم کی مرمت و دیکھ بھال کی سہولیات محدود ہیں، تاہم مبین احمد کو توقع ہے کہ بہترین فیول اوسط (پٹرول کی بچت)، شاندار پک اپ اور زبردست طاقت کی بدولت یہ بائیکس صارفین میں انتہائی مقبول ہوں گی۔











